آصف زرداری پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

احتساب عدالت نے جعلی بنک اکاؤنٹس اور پارک لین ریفرنس میں آصف علی زرداری پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سابق صدر آصف زرداری پر ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ ہوسکی جس کے باعث عدالت نے اب ویڈیو لنک کے ذریعے 6 جولائی کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے اپنے مؤکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ عدالت کے استفسار پر فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ آصف علی زرداری کراچی میں اسپتال میں نہیں بلکہ اپنے گھر پر ہیں۔ فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے تھے تو انہیں کورونا وائرس ہوگیا اور آصف زرداری کے لیے سفر کرنا مشکل ہے، ان کی عمر زیادہ ہے اس لیے کورونا وائرس کا خطرہ بھی زیادہ ہے۔ اس پر جج اعظم خان نے مکالمہ کیا کہ آپ بھی پیش ہورہے ہیں کیا آپ کو زندگی پیاری نہیں، جب آپ پیش ہورہے ہیں تو آصف علی زرداری کو بھی بلا لیں، زیادہ مسئلہ ہے تو آصف زرداری کو الگ بلا کر ان سے دستخط لے لیتے ہیں۔ اومنی گروپ کے سربراہ خواجہ انور مجید کراچی کے اسپتال سے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آصف علی زرداری کو بھی ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کردیں۔ نیب نے منی لانڈرنگ کیس میں ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کی استدعا کی۔
بعد ازاں عدالت نے آصف زرداری کی غیر حاضری کے باعث ان پر فرد جرم عائد نہیں کی. احتساب عدالت نے آصف علی زرداری اور خواجہ انور مجید سمیت دیگر ملزمان پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ چھ جولائی کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں نامزد ملزمان کو بھی فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر لیا. عدالت نے نیب کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 6 جولائی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ ریفرنس میں آصف زرداری ، اسلم مسعود ، عبدالغنی مجید ، انور مجید اور دیگر ملزم نامزد ہیں جن پر پارک لین کی فرنٹ کمپنی پارتھینون کے نام پر نیشنل بنک سے ڈھائی ارب سے زیادہ کے قرض میں غبن کا الزام ہے۔ آصف علی زرداری کو پارک لین کا 25 فیصد حصہ دار ہونے پر ملزم نامزد کیا گیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button