حافظ حمداللہ نے زرتاج گل کو بہن قرار دیتے ہوئے معافی مانگ لی

جمعیت علما اسلام (ف)کے رہنما حافظ حمداللہ نے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر زرتاج گل سے متعلق کی گئی گفتگو پراب زرتاج گل سے کھری کھری سننے کے بعد انہیں اپنی بہن قرار دیتے ہوئے معافی مانگ لی۔
سینیٹر حافظ حمداللہ نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وزیرمملکت زرتاج گل میری بہن ہیں اور میری بھی بہنیں اور بیٹیاں ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر میری وضاحت سے زرتاج گل کو تسلی نہیں ہوئی تو میں ان سے معذرت خواہ ہوں۔ اسی ٹی وی شو میں موجود وزیرمملکت برائے موسمی تبدیلی زرتاج گل حافظ حمد اللہ کے بات کرنے سے پہلے ہی اٹھ کرچلی گئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں جب حافظ حمد اللہ سے ایک پشتو انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ زرتاج گل کہتی ہیں کہ عمران خان کو دیکھوں تو حالات ٹھیک لگتے ہیں؟ اس پر حافظ حمد اللہ نے جواب دیاتھا کہ زرتاج گل سے پوچھو کہ مجھے دیکھ کر ان کو کیسا لگتا ہے؟کیونکہ میں عمران خان سے زیادہ خوبصورت اور جوان ہوں،میری مسکراہٹ بھی اچھی ہے اور بول چال بھی ٹھیک ہے۔حافظ حمد اللہ کے اس بیان پر پاس موجود لوگ بھی کھل کھلا کر ہنسنے لگےتھے۔حافظ حمد اللہ کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے،صارفین کا کہنا تھا کہ ہر انسان پر عورت کی عزت کرنا لازم ہے۔خاص طور پر ایک سیاسی شخصیت کا خاتون کے حوالے سے اس طرح کا بیان شرمناک ہے۔صارفین جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے حافظ حمد اللہ کے بیان کا نوٹس لینے کی بھی اپیل کی تھی۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیرزرتاج گل نے عمران خان کی مسکراہٹ کی تعریف کی تھی ان کاکہنا تھا کہ عمران خان کی قاتلانہ مسکراہٹ ہے اور وہ جب بھی آتے ہیں ،ہم سب کی تمام پریشانیاں ختم ہو جاتی ہیں۔ ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے زرتاج گل کا کہنا تھا کہ عمران خان وہ واحد انسان ہیں جس کی شخصیت میں ایک جادو ہے جو کہ کسی اور کے پاس نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے عمران خان کی شخصیت اور چلنے کے حوالے سے سوا ل کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہمارے وزیراعظم کی پوری دنیا فین ہے۔لوگ ان کے چلنے کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتے ہیں کیونکہ ا ن کی شخصیت ہی اس قدر قابل تعریف ہے کہ ہم لوگ بھی اپنی پریشانیاں بھول جاتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button