حکومت کا نئے چئیرمین ایف بی آر کی تعیناتی کا اصولی فیصلہ

چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی کی طویل رخصت کے بعد ٹیکس اہداف کے حصول میں ناکامی کو سامنے رکھتے ہوئے وفاقی حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے.
ذرائع کے مطابق ٹیکس گروپس سے 5 سینئر افسران اس اعلیٰ عہدے کے لیے دوڑ میں شامل ہیں جبکہ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے دست راست طارق پاشا اور حفیظ شیخ کے قریبی ساتھی احمد مجتبیٰ میمن بھی چیئرمین ایف بی آر کے امیدوارہیں اور انھوں نے اہم عہدے کے حصول کیلئے لابنگ بھی شروع کردی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی غیر معینہ مدت کے لیے طبی چھٹیوں پر ہیں۔ ایک طرف جہاں ایف بی آر میں اعلیٰ عہدے رکھنے والے سمجھتے ہیں کہ بورڈ میں اعلیٰ عہدوں پر افسران کے تقرری میں تاخیر کی وجہ سے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ میں غیریقینی کی صورتحال قائم ہے جس سے روزانہ کی بنیادوں پر ریونیو کم ہورہا ہے جبکہ دوسری جانب ایف بی آر کے نئے سربراہ کی تعیناتی پر غور کے لیے جو نام وزیراعظم سیکریٹریٹ میں گھوم رہے ہیں ان میں دو افسران ان لینڈ ریونیو سروسز (آئی آر ایس) اور 3 کسٹمز گروپ (سی جی) سے ہیں۔ اعلیٰ عہدے کے لیے موجودہ سیکریٹری کشمیر امور اور گلگت بلتستان آئی آر ایس سے طارق محمود پاشا کا نام زیرغور ہے جبکہ قائم مقام چیئرمین اور رکن کسٹمز نوشین امجد بھی اس عہدے کی ممکنہ امیدوار ہیں۔ کسٹمز کی جانب سے ممکنہ امیدواروں میں ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس زاہد کھوکھر، ممبر کسٹمز پالیسی جاوید غنی اور ایڈیشنل سیکریٹری فنانس احمد مجتبیٰ میمن کا نام بھی زیر غور ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم سیکریٹریٹ میں موجود ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو (مالیات) کے لیے ہارون اختر کی تعیناتی کو تقریباً حتمی شکل دے دی ہے اور آئندہ کچھ روز میں اس کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے نئے آنے والے مشیر مالیات کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ خراب شہرت رکھنے والے تمام افسران کو قابل اور دیانتدار افسران سے تبدیل کریں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ہارون اختر کے تقرر کے بعد آئی آر ایس اور کسٹمز گروپ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کا امکان ہے. ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہارون اختر کو مکمل اجازت دی ہے کہ وہ عالمی بین کے زیر تعاون ٹیکس اصلاحات کے اس منصوبے کو آگے بڑھائیں جس پر متوقع ہدف کے گزرنے کے باوجود کام شروع نہیں ہوا۔ اسی طرح نئے مشیر کو آئی ایم ایف پروگرام کی تعمیل کے حصے کے طور پر زیادہ سے زیادہ ریونیو بڑھانے کا مینڈیٹ بھی دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے منظور نظر چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شبر زیدی طبی بنیادوں پر غیر معینہ مدت تک چھٹیوں پر چلے گئے تھے اور 19 فروری کے روز انھوں نے اپنی طبی رخصت میں غیر معینہ مدت کی توسیع کیلئے درخواست دے دی ہے.شبر زیدی غیر معینہ مدت تک چھٹیوں پر ہیں اور یہ کب تک جاری رہیں گی یہ ڈاکٹر کے مشورے پر منحصر ہے’۔
