دنیا کے امیر ترین اداکاروں میں شاہ رخ کس نمبر پر ہیں؟

’’ورلڈ آف سٹیٹکس‘‘ نے دنیا بھر کے امیر ترین اداکاروں کی فہرست جاری کر دی ہے جس میں بھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان کا نام بھی شامل ہے، جنھوں نے ہالی ووڈ سپرسٹارز ٹام کروز اور جیکی چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس فہرست میں بالی ووڈ کے کنگ شاہ رُخ خان کو دنیا کا چوتھا امیر ترین اداکار قرار دیدیا گیا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق شاہ رُخ 770 ملین ڈالرز کے اثاثوں کے مالک ہیں، شاہ رُخ خان چارٹ پر چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے پہلے ایسے بھارتی اداکار ہیں جنہوں نے ٹام کروز اور جیکی چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ شاہ رُخ خان کے بعد ٹام کروز، جیکی چین، جارج کلونی اور رابرٹ ڈی نیرو جیسے نامور ستارے بالترتیب پانچویں، چھٹے، ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر ہیں جبکہ پہلی پوزیشن پر امریکی اداکار جیری سین فیلڈ، دوسری پر ٹیلر پیری اور تیسری پوزیشن پر ڈی ڈوین جانسن المعروف راک براجمان ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس فوربز کی جانب سے جاری کی گئی دنیا کے امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں شاہ رُخ خان 690 ملین ڈالرز کے مالک بتائے گئے تھے یعنی رواں برس ان کے اثاثوں میں 80 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ شاہ رُخ کی آمدنی کا ذریعہ اداکاری کے علاوہ ان کے پروڈکشن ہاؤس’ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ‘ اور سپورٹس ٹیم ’کولکتہ نائٹ رائیڈرز‘ سمیت کئی ایوارڈ شوز کی میزبانی اور اشتہارات ہیں۔
