میشا شفیع کی پہلی امریکی فلم ’’مستاش‘‘ کی جھلک جاری

پاکستان سے کینیڈا منتقل ہو جانے والی اداکارہ میشا شفیع جلد پہلی امریکی فلم ’’مستاش‘‘ میں جلوہ گر ہوں گی، فلم ’’ Mustache‘‘ یعنی مونچھیں کی پہلی جھلک جاری کر دی گئی ہے، اداکارہ نے فلم میں حجاب اوڑھ رکھا ہے۔ بولڈ لباس اور منفرد فیشن کی وجہ سے شہرت رکھنے والی گلوکارہ میشا شفیع کو فلم میں باحجاب مسلمان خاتون کے طور پر دکھایا جائے گا، اداکارہ نے 12 جنوری کو ’مستاش‘ (Mustache) فلم کی اپنی پہلی جھلک انسٹا گرام پر شیئر کی، جس میں انہیں فلم میں اپنے بیٹے کا کردار ادا کرنے والے اداکار کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
میشا شفیع فلم کی پہلی جھلک میں اپنے جواں سالہ بیٹے کے ساتھ گھر کے کچن کو کونے کو حیرت زدہ نظروں سے دیکھتی دکھائی دیتی ہیں، انہوں نے مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان کی فلم کو رواں برس مارچ میں امریکی ریاست ٹیکسس میں ہونے والے ایک فلم فیسٹیول میں پیش کیا جائے گا۔ اداکارہ نے اپنی فلم کو ٹیکسس کے شہر آسٹن میں ہونے والے سالانہ فلم فیسٹیول ’ایس ایکس ایس ڈبلیو‘ کے لیے منتخب کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر فخر کیا کہ وہ انتہائی قابل اور محنتی ٹیم کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی فلم کو آسٹن شہر میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں پیش کیا جائے گا، ساتھ ہی فلم کے آفیشل انسٹاگرام پر بھی اس کی تصدیق کی گئی، تاہم اداکارہ یا فلم کی ٹیم نے فلم کو باضابطہ طور پر ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو کچھ دیگر فیسٹیولز میں بھی پیش کیے جانے کے بعد ریلیز کیا جائے گا۔
مستاش (Mustache) میں میشا شفیع کو کاسٹ کیے جانے کی تصدیق اکتوبر 2022 میں کی گئی تھی، مستاش (Mustache) کی ہدایات پاکستانی نژاد ہدایت کار عمران جے خان دے رہے ہیں اور انہوں نے ہی اس فلم کی کہانی بھی لکھی ہے۔ فلم میں رضوان مانجی اور ان کی بیٹی ایان مانجی سمیت اتھروا ورما، الیشیا سلور اسٹون، بھارتی نژاد امریکی اداکار حسن منہاج اور گلوکارہ میشا شفیع مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے، فلم میں میشا شفیع مرکزی کردار یعنی ایک 13 سالہ پاکستانی لڑکے کی والدہ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جب کہ رضوان مانجی لڑکے کے والد کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔ فلم میں اتھروا ورما مرکزی کردار یعنی 13 سالہ پاکستانی لڑکے الیاس کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جبکہ ایان مانجی ان کی کلاس فیلو لڑکی کے روپ میں دکھائی دیں گی، فوری طور پر فلم میں حسن منہاج اور الیشیا سلوراسٹون کے کرداروں سے متعلق معلومات سامنے نہیں آ سکی، تاہم بتایا جا رہا ہے کہ ان کے کردار سب سے اہم ہیں۔
فلم کی کہانی 13 سالہ پاکستانی لڑکے اور ان کے پاکستانی والدین کے گرد گھومتی ہے اور فلم میں 1990 کے زمانے کی امریکی زندگی دکھائی جائے گی اور اس وقت کے مسلمانوں کے حالات بھی دکھائی جائیں گی۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم ممکنہ طور پر اسے رواں سال کے اختتام تک کسی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کیا جائے گا لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
