دوسرا ٹیسٹ: قومی ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم ٹاس جیت کر بیٹنگ کر رہی ہے۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت پر بیٹنگ کا انتخاب کیا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ہے جو راولپنڈی میں کھیلا جارہا ہے، اس سے قبل پہلا ٹیسٹ میچ کراچی میں کھیلا گیا تھا۔کراچی ٹیسٹ میں قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی تھی۔آج سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کےلیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور گزشتہ میچ کی فاتح ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا۔ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ میچ سے کافی اعتماد آیا ہے اور اس میچ کو بھی اسی طرح کھیلیں گے۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور لنگی نگیڈی کی جگہ ویان مڈلر کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 14سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے اور اس نے آخری مرتبہ 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بعد 3 ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے، جن کا آغاز 11 فروری سے ہوگا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
