’’رواں برس پاکستانی سموسے بنانے کی تراکیب تلاش کرتے رہے‘‘

پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کی بڑی تعداد رواں برس گوگل پر سموسے بنانے کی تراکیب تلاش کرتی رہی، پاکستانیوں کی جانب سے گوگل پر رواں برس سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اشیا، شخصیات کے حوالے سے فہرست جاری کر دی گئی ہے۔گوگل نے اس بار پاکستان کے حوالے سے 8 کیٹیگریز کی فہرست جاری کی ہے جس میں کھیل، تقریبات، خبروں، فلموں اور ٹی وی شوز، شخصیات، کھانے بنانے کی تراکیب، مختلف چیزیں بنانے کی تراکیب اور ٹیکنالوجی کی کیٹیگریز شامل ہیں۔پاکستانی انٹرنیٹ صارفین نے کھیلوں کی خبروں میں سب سے زیادہ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ کے کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ کی اپڈیٹ کو تلاش کیا۔اسی طرح پاکستانیوں نے تقریبات میں سب سے زیادہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے متعلق معلومات تلاش کی۔پاکستانیوں نے واٹس ایپ پر چینلز بنانے کے طریقے کو بھی سب سے زیادہ تلاش کیا جب کہ دوسرے نمبر پر پاکستانیوں نے کینیڈا کے ویزے کے لیے درخواست دینے کے طریقے اور لوازمات کی معلومات تلاش کی۔پاکستانی صارفین نے گوگل پر سب سے زیادہ ہالی ووڈ فلم اوپن ہائمر تلاش کی جبکہ دوسرے نمبر پر شاہ رخ خان کی فلم جوان، تیسرے نمبر پر پٹھان اور چوتھے نمبر پر ہولی وڈ فلم بار بی کو تلاش کیا۔پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ فلسطین میں اسرائیلی حملوں سے متعلق خبریں تلاش کی گئیں، دوسرے نمبر پر احساس پروگرام کی معلومات جب کہ تیسرے نمبر پر ٹک ٹاکر علیزہ سحر کی لیک ہونے والی ویڈیو سے متعلق خبریں اور معلومات تلاش کی گئی۔شخصیات کی کیٹیگری میں پاکستانیوں نے سب سے زیادہ ٹک ٹاکر حریم شاہ کو گوگل پر تلاش کیا جب کہ دوسرے نمبر پر علیزہ سحر رہیں، تیسرے نمبر پر بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف ہے۔ٹیکنالوجی کی کیٹیگری میں پاکستانیوں نے سب سے زیادہ چیٹ جی پی ٹی سے متعلق معلومات تلاش کیں جبکہ دوسرے نمبر پر ریئلٹی گیم شو تماشا گھر اور تیسرے نمبر پر چینی سمارٹ موبائل انفینکس کے نوٹ سیریز کے فونز سے متعلق معلومات تلاش کی۔پاکستانی سال بھر گوگل پر مختلف کھانوں کی تراکیب بھی تلاش کرتے رہے اور حیران کن طور پر سب سے زیادہ سموسے بنانے کی ترکیب کو تلاش کیا گیا۔کھانوں کی تراکیب میں دوسرے نمبر پر کلیجی بنانے کی ترکیب جب کہ تیسرے نمبر پر شیر خورما بنانے کی ترکیب رہی، حیران کن طور پر سموسے بنانے کی ترکیب کو سب سے زیادہ اسلام آباد کے رہائشیوں نے گوگل پر تلاش کیا، دوسرے نمبر پر صوبہ سندھ کے صارفین رہے اور تیسرے نمبر پر پنجاب کے انٹرنیٹ صارفین نے سموسے بنانے کی ترکیب کو تلاش کیا۔

Back to top button