سارہ علی خان فلموں میں کام کیوں نہیں کرنا چاہتیں؟
معروف پاکستانی گلوکار فلک شبیر کی اہلیہ اور مقبول اداکارہ سارہ علی خان نے مستقبل قریب میں فلموں میں کام کے حوالے سے امکانات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اپنے لیے کچھ حدود متعین کر رکھی ہیں جن کو میں کراس نہیں کر سکتی، اسکے علاوہ میں اچھی ڈانسر بھی نہیں ہوں جو کہ فلم میں کام کرنے والی اداکاراؤں کے لیے بہت ضروری ہے۔
یاد رہے کہ سارہ خان فوٹو جینک ہونے کے باوجود ابھی تک کسی فیچر فلم میں دکھائی نہیں دیں، البتہ انہوں نے ٹیلی فلمیں ضرور کی ہیں، سارہ خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ فلموں میں کام نہ کرنے کا سبب بتاتی دکھائی دیتی ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے اپنی حدود کا تعین کر رکھا ہے اور اگر انہیں ان کی شرائط پر فلم میں کام کرنے کی پیش کش ہوتی ہے تو وہ ضرور بڑے پردے پر کام کرتی دکھائی دیں گی۔ لالی ووڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں ڈانس نہیں آتا، وہ بہت ہی بری ڈانسر ہیں، اس لیے وہ فلموں میں کام نہیں کر سکتیں، سارہ علی خان کے مطابق ڈانس کے علاوہ بھی کچھ چیزیں اور حدود ہیں جن پر وہ سمجھوتانہیں کر سکتی ۔
سارہ علی خان نے واضح کیا کہ ایسا ہو نہیں سکتا کہ فلموں میں گانے اور ڈانس نہ ہوں، اس لیے میں بڑے پردے پر کام نہیں کرنا چاہتی، ساتھ ہی سارہ خان نے کہا کہ پیار آنکھوں سے بھی کیا جاتا ہے اور اگر انہیں آنکھوں سے پیار کرنے کی اجازت دی گئی تو وہ فلموں میں ضرور کام کریں گی۔ اس سے قبل بھی سارہ خان نے فلموں میں بولڈ مناظر کی وجہ سے کام نہ کرنے کا کہا تھا، احسن خان کے شو میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں کچھ فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی ہے مگر وہ مختصر ملبوسات پہننا اور قربت کے مناظر کو فلمانا نہیں چاہتیں، جو کہ فلموں کی اولین مانگ ہوتے ہیں۔
سارہ نے کہا کہ درحقیقت وہ ٹی وی ڈراموں میں بھی کوئی قابل اعتراض کردار، نامناسب ملبوسات سے دور رہنے کو ترجیح دیتی ہیں، سارہ خان نے آئٹم سانگز کے خلاف بھی بات کی اور کہا کہ وہ کبھی نیم عریاں لباس نہیں پہنیں گی۔
یاد رہے کہ سارہ علی خان نے جولائی 2020 میں گلوکار فلک شبیر سے شادی کی تھی، ان کے ہاں اکتوبر 2021 میں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کے بعد اداکارہ چھوٹی سکرین پر بھی کم دکھائی دیتی ہیں، البتہ وہ سوشل میڈیا پر مصروف رہتے ہوئے مداحوں کو اپنے معمولات زندگی سے آگاہ کرتی رہتی ہیں۔