سرفراز احمد کی تضحیک پر عدنان صدیقی کی ٹھکائی

ایک نجی ٹیلی ویژن چینل کے لائیو رمضان شو کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی ہکلاہٹ کا مذاق اڑانے پر معروف اداکار عدنان صدیقی کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس پروگرام کی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شو کے دوران سرفراز احمد کچھ بول رہے ہیں اور ہکلاہٹ کی وجہ سے انہیں بولنے میں مسئلہ ہو رہا ہے۔  اس دوران اداکار عدنان صدیقی ان کی بات کاٹ کر ان کے ہکلانے کی نقل اتارتے ہیں۔
تاہم لوگوں کو عدنان صدیقی کی یہ حرکت بالکل پسند نہیں آئی اور سوشل میڈیا پر ان کی مذمت کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین عدنان صدیقی سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اپنی اس چھوٹی حرکت پر سرفراز احمد سے معافی مانگیں جس طرح ایسے ہی ایک معاملے میں ان کے اصرار پر عامر لیاقت کو معافی مانگنا پڑی تھی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عدنان صدیقی ایسا کرتے ہیں یا نہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل عامر لیاقت حسین نے اپنے رمضان شو میں بھارتی اداکارہ سری دیوی اور عرفان خان کی موت کو لے کر عدنان صدیقی کے سامنے ایک مذاق کیا تھا جو عدنان صدیقی سے بالکل بھی برداشت نہیں ہوا تھا اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں عامر لیاقت کے شو میں جانے پر بے حد افسوس اور پچھتاوا ہے۔
اب ایک نجی ٹیلی ویژن چینل کے ایسے ہی رمضان شو میں اداکار عدنان صدیقی اور سرفراز شریک ہوئے جس کے دوران ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آگیا جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کہ شو کے دوران سرفراز احمد کچھ بول رہے ہیں اور انہیں بولنے میں ہکلاہٹ ہورہی ہے۔ اس دوران اداکار عدنان صدیقی ان کی بات کاٹ کر ان کی نقل اتارتے ہیں، عدنان کی اس حرکت پر شو میں موجود دیگر افراد ہنسنے لگتے ہیں۔ تاہم یہ بات سوشل میڈیا صارفین کو پسند نہیں آئی جو عدنان صدیقی کا لتاڑا نکال رہے ہیں۔
ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے کہ ’عدنا ن صدیقی کو ہمارے کرکٹ ہیرو سرفراز سے معافی مانگنا چاہیے۔ عدنان کو دوسروں کا خیال کرنا سیکھنا چاہیے اور دوسروں کے ساتھ زیادہ ہمدردی والا رویہ رکھنا چاہیے۔ لوگوں کی توہین کرنا بند کرنا چاہیے۔ اپنی توانائی دوسروں کے مورال کو بلند کرنے کےلیے استعمال کریں نہ کہ ان کے ساتھ برا سلوک کریں۔ اب یہ وقت ہے کہ ان لوگوں کا مذاق اڑانا بند کرنا چاہیے جو ہکلاتے ہیں۔‘
ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا ’ انسٹا گرام پر معافی کا انتظار ہے۔‘ ایک صارف نے لکھا کہ عدنان صدیقی کی اس حرکت کو مکروہ اور شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کسی کے ساتھ اس طرح مذاق کرنا جائز ہے؟ کچھ احترام دکھائیں۔ خدا کےلیے یہ وہ کپتان ہیں جنہوں نے آپ کےلیے ٹرافی جیتی تھی جب کہ دیگر صارفین نے اس موقع پر شدید تنقید کی۔
تاہم ابھی تک عدنان صدیقی کی جانب سے کوئی وضاحتی یا معافی والا بیان سامنے نہیں آیا جس کا سرفراز احمد اور عدنان صدیقی کے مداح بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔ امید ہے کہ عدنان صدیقی بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلد ہی سرفراز احمد سے معافی مانگ لیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button