سینیٹ انتخابات ،وزیراعظم نے جوڑ توڑ کیلئے چودھری پرویز الٰہی کو ٹاسک سونپ دیا

وزیراعظم عمران خان کا اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ٹیلیفونک رابطہ، سینیٹ انتخابات سے متعلق مشاورت، پرویز الٰہی اور عثمان بزدار باہمی مشاورت سے حکمت عملی اختیار کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ انتخابات میں جوڑ توڑ کیلئے چودھری پرویز الٰہی کو ٹاسک سونپ دیا، وزیراعظم عمران خان کا اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ پرویز الٰہی اور عثمان بزدار باہمی مشاورت سے حکمت عملی اپنائیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں سینیٹ انتخابات سے متعلق مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم نے سینیٹ انتخابات کے جوڑ توڑ کیلئے چودھری پرویز الٰہی کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ ملکر باہمی مشاورت سے آگے بڑھا جائے۔
واضح رہے وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے دوران ان کی آج وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پنجاب کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تبالہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کو قبضہ مافیا کیخلاف اقدامات سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 2 سال میں 31 ارب کی زمین واگزار کروائی گئی، پولیس اور انتظامیہ نے آپریشن کرکے زمین واگزار کروائی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب حکومت قبضہ مافیا کیخلاف اچھا کام کررہی ہے، قبضہ مافیا کو کسی صورت معافی نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں۔
مزید برآں وزیراعظم عمران خان سے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے ملاقات کی۔ جس میں وزیراعظم کو پولیس اور انتظامی امور سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس کی کارکردگی اور اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے چیف سیکرٹری اور آئی جی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ۔ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، لوگ تب مطمئن ہوں گے جب قانون کی حکمرانی ہوگی۔
عوام کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے وسائل بروئے کار لائیں۔ پولیس افسران جرائم کے خاتمے کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں، جس کا لوگوں کو نقصان اٹھانا پڑا، پولیس بلاامتیاز کاروائیاں کریں ، سیاسی اثرورسوخ کو بالکل خاطر میں نہ لائے۔پنجاب پولیس کا امیج بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔اہم پوزیشنوں پر ایماندار افسر لگانے کا اثر گراس روٹ تک جاتا ہے۔ پولیس افسران کی تعیناتیاں میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب تھانوں کے خود دورے کریں۔انصاف کی فراہمی میں حائل اہلکاروں کو کڑی سز ادی جائے۔بڑے جرائم پیشہ کو پکڑیں تو چھوٹے عناصر کیلئے سبق ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپوزیشن ارکان اسمبلی سے پھر رابطے شروع کردیے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی آفس میں سردار عثمان بزدار سے اپوزیشن اراکین اسمبلی کی ملاقاتیں ہوئی ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے پانچ ارکان اسمبلی نے الگ الگ وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کی خیریت دریافت کی جبکہ رکن پنجاب اسمبلی عباس علی شاہ اور طاہر بشیر چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، پنجاب سے تحریک انصاف کے سینیٹ کیلئے امیدواروں کو کامیاب کروایاجائے گا۔خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والے اپوزیشن ارکان اسمبلی کے نام سامنے نہیں آئے ہیں۔گزشتہ دنوں بھی مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button