شدید سردی میں بجلی لوڈشیڈنگ اچانک کیوں بڑھ گئی؟

موسم سرما کے دوران شدید دھند جہاں سردی کی شدت میں اضافہ کر رہی ہے وہیں بجلی کی بڑٰی لائنوں کی ٹرپننگ کی وجہ بنا کر لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ کر رہی ہے، شہروں میں اس وقت 7 گھنٹوں کی بجلی لوڈ شیڈنگ کو ہو رہی ہے جس کی وجہ بڑی لائنوں میں ٹرپننگ، تکنیکی خرابیاں ہیں۔اس حوالے سے وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ چونکہ اب سسٹم میں جو خرابی تھی اس سے فوری طور پر نمٹا جا چکا ہے، اس لیے اب یقینی طور پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی واقع ہوگی۔نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹیکنیکل ٹیموں نے 500 کے وی گدو سوئچ یارڈ کے متاثرہ سرکٹ بریکر کی تبدیلی کا کام مکمل کرلیا، این ٹی ڈی سی مینجمنٹ کی ہدایت پر متاثرہ سرکٹ بریکر کی تبدیلی کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے این ٹی ڈی سی کا اضافی عملہ تعینات کیا گیا۔ این ٹی ڈی سی کی ٹیموں نے 500 کے وی گدو- مظفرگڑھ ٹرانسمیشن لائن کو بھی کامیابی سے انرجائز کر دیا ہے۔ترجمان این ٹی ڈی سی نے مزید کہا کہ شدید دھند کے باعث گدو میں این ٹی ڈی سی کی 500 کے وی اور 220 کے وی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ ہوئیں جس کے نتیجے میں سوئچ یارڈ کے 500 کے وی سرکٹ بریکر کا ایک پول بھی متاثر ہوا تاہم، این ٹی ڈی سی ٹیم نے فوری طور پر متاثرہ پول کو سوئچ یارڈ سے الگ کر دیا تھا جبکہ سوئچ یارڈ کے دیگر 2 سرکٹ بریکرز فعال رہے، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے این ٹی ڈی سی کے ویئر ہاؤس میں ایک اضافی سرکٹ بریکر دستیاب تھا جسے فوری طور پر استعمال میں لایا گیا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ڈائریکٹر پی آر عاصم ناظر راجا نے کہا کہ آئیسکو کو اس وقت 200 میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے اور ابھی 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، لیکن ہمارا مینٹیننس سسٹم جونہی بہتر ہوگا بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی ہو جائے گی۔وزارت توانائی نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شدید دھند کے باعث گدو کے قریب این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کرگئیں جس کے باعث 550 اور 220 کے وی کی لائنوں کو نقصان پہنچا جبکہ ٹرپنگ سے 500 کے وی کے سرکٹ بریکر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔پاور ڈویژن نے کہا تھا کہ دھند کے باعث 132kv، 220kv اور 500kv کے گرڈ اسٹیشنز ٹرپ کرگئے، اسی دوران ہائیڈل جنریشن میں کمی آئی، ہائیڈل کا شارٹ فال تقریباً 1600 میگا واٹ ہے اور LNG کی کم دستیابی کی وجہ سے 700 میگاواٹ ہے۔ پاور ڈویژن اس شارٹ فال کو کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ 800 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے اور ایل این جی کی کمی سے نمٹنے کیلئے فرنس آئل کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

Back to top button