شرجیل خان بارے متنازع بیان، پاکستان کرکٹ بورڈ کی حفیظ کو وارننگ

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے متنازع بیان دینے پر سینئر کرکٹر محمد حفیظ کو بیان جاری نہ کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے معاملہ ختم کردیا۔تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے گزشتہ دنوں اپنے ایک انٹرویو میں اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ اوپننگ بلے باز شرجیل خان کے حوالے سے متنازع بیان جاری کیا تھا۔
محمد حفیظ نے شرجیل خان کی قومی ٹیم میں شرجیل خان کی مکنہ واپسی پر بورڈ اور کھلاڑیوں دونوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ کیا اب عزت اور وقار پاکستان کرکٹ بورڈ میں کوئی معنی نہیں رکھتا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینئر کرکٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اس بیان پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔
پی سی بی میں موجود ذرائع کے مطابق بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے محمد حفیظ کو فون پر کال کر کے اس معاملے پر وضاحت طلب کی۔باوثوق ذرائع نے بورڈ کو بتایا کہ وسیم خان نے حفیظ کو کہا کہ وہ پالیسی معاملات پر میڈیا یا سوشل میڈیا پر گفتگو نہیں کر سکتے اور آئندہ اس سلسلے میں احتیاط کریں۔حفیظ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کے بعد معاملے کو ختم کردیا گیا۔
حفیظ نے گزشتہ دنوں نجی ٹی وی سے بھی گفتگو میں کہاکہ جو کھلاڑی بھی جان بوجھ کر پاکستان کا نام خراب کرے اسے دوبارہ کبھی بھی پاکستان کے لیے کھیلنے کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔2017 میں منعقد پاکساتن سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے افتتاحی میچ کے بعد پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر اوپننگ بلے باز شرجیل خان پر پانچ سال کی پابندی عائد کردی تھی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے سبب غیرصورتحال کے پیش نظر قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بھی رائے مانگ لی ہے اور ان کے جواب کا منتظر ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی ناصرف انگلش کرکٹ بورڈ کے جواب کا انتظار کرے گا بلکہ نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کے کرکٹ بورڈز کے بھی اس سلسلے میں جواب کا انتظار کیا جائے گا۔بورڈ کے ذرائع کے مطابق ابھی پاکستان کے دورہ انگلینڈ میں وقت باقی لہٰذا اس سلسلے میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے رواں سال آئرلینڈ اور نیدرلینڈ کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کا بھی دورہ کرنا ہے۔
