صبا قمر نے عرفان خان کا کون سا تحفہ آج تک سنبھال کر رکھا ہے؟

اداکارہ صبا قمر نے بتایا ہے کہ انہوں نے بالی ووڈ کے مرحوم اداکارعرفان خان کا کون سا تحفہ آج بھی اپنے پاس سنبھال کر رکھا ہے۔اداکارہ صباقمر پاکستانی فلموں کے ساتھ بھارتی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جلوے دکھاچکی ہیں۔ انہوں نے بالی ووڈ کے باصلاحیت اداکار عرفان خان کے مقابل 2017 میں فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ میں کام کیا تھا جو سپرہٹ ثابت ہوئی تھی۔
صبا قمر نے حال ہی میں واسع چوہدری کے شو ’’گھبرانا منع ہے‘‘ میں عرفان خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خوبصورت یادیں شیئر کی ہیں۔ واسع چوہدری نے صبا قمر کی ایک پرانی انسٹاگرام پوسٹ کے بارے میں سوال کیا جس میں صبا ہاتھ میں 500 روپے کا نوٹ پکڑی ہوئی ہیں تو صبا نے جواب میں اس نوٹ کے پیچھے کی کہانی بتاتے ہوئے فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ کے سیٹ سے چند خوبصورت یادیں شیئر کیں۔
صبا قمر نے بتایا جب وہ دلی میں فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ کی شوٹنگ کررہی تھیں تو بڑی عید آگئی تھی اور وہ پہلی عید تھی جب وہ اپنے گھر پر نہیں تھیں۔ لہذا انہوں نے عرفان خان سے کہا مجھے عیدی چاہئے اور عرفان خان نے انہیں سیٹ پرعیدی تھی۔
صبا قمر نے بتایا انہوں نے آج تک عرفان خان کی جانب سے دی گئی یہ عیدی اپنے پاس سنبھال کر رکھی ہے۔ صبا قمر نے عرفان خان کو بہترین اداکار قرار دیتے ہوئے کہا میں بچپن سے ان کی مداح تھی اور میری زندگی میں ہمیشہ سے عرفان خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش تھی۔صبا قمر نے بتایا فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ سے قبل ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ اگر انہیں کبھی بالی ووڈ سے پیشکش ہوئی تو وہ عرفان خان کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی اور وہ اتنی خوش قسمت ہیں کہ انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کا پہلا موقع عرفان خان کے ساتھ ملا۔

Back to top button