عالمی طاقتوں کو اب اپنا رویہ بدلنا ہوگا

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے امیر ممالک کو کم وسائل والے ملکوں کی مدد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھی کورونا سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اگر پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھا تو ہمارا نظام صحت بیٹھ جائے گا۔
برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پھیلنے کے بعد اپوزیشن نے وفاقی حکومت کو مشترکہ کاوشوں کی پیشکش کی ہے۔ افسوس کہ وفاقی حکومت کورونا سے نمٹنے کےلیے سست روی سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیر ممالک کو کم وسائل والے ملکوں کی مدد کرنا ہو گی کیوں کہ غریب ممالک کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ کورونا کا مقابلہ کرسکیں، وسائل والے ممالک کو صحت کی سہولیات کی دنیا بھرمیں منصفانہ تقسیم کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کو اب اپنا رویہ بدلنا ہوگا، آج بھی ایران پر پابندیاں ہیں جہاں لوگ کورونا کی وجہ سے مر رہے ہیں جب کہ بھارت اب تک مقبوضہ کشمیر کو بند کیے بیٹھا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں لاک ڈاؤن ہے اور لوگوں کے پاس کوئی سہولت نہیں ہے۔
My interview with @SkyNews on #PakistanvsCorona #COVID19 https://t.co/BSQ34fxx2p
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) April 11, 2020
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان بھی کورونا سے بری طرح متاثر ہوا ہے، ہمارا نظام صحت اتنا وسیع نہیں کہ اس وبا کا مقابلہ کر سکے، ہم لاک ڈاؤن اورسماجی دوری کے ذریعے ہی اس وبا سے بچ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹلی اور برطانیہ کا نظام صحت بھی کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سےبیٹھ گیا ہے، ہمارے پاس تو اٹلی اوربرطانیہ کے مقابلے میں صحت کا نظام بہت کمزورہے، اگر پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھا تو ہمارا نظام صحت بیٹھ جائے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن نے وفاقی حکومت کو مشترکہ کاوشوں کی پیشکش کی ہے، افسوس کہ وفاقی حکومت کورونا سے نمٹنے کےلیے سست روی سے کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے صوبوں کو بہت کم مدد مل رہی ہے، صوبے اپنے اپنے طور پر کام کر رہے ہیں لیکن اس وبا پر ہم مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہی قابو پا سکتے ہیں۔