عرفان خان کتنی جائیداد چھوڑ کر رخصت ہوئے؟

بولی وڈ کے لیجنڈ اداکار عرفان خان کے دنیائے فانی سے کوچ کرنے کے بعد ان کے اربوں روپے کے سامنے آنے والے اثاثوں نے عرفان خان کے مداحوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔ وفوت کے بعد ورسٹائل اداکار عرفان خان کے 320 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے سامنے آئے ہیں جن میں ان کا گھر، فلیٹ اور گاڑیاں شامل ہیں۔عرفان خان نے اپنے پسماندگان میں اہلیہ سُتاپا سکدر سمیت دو بیٹے 19 سالہ بابیل اور ایان چھوڑے ہیں۔ عرفان خان کی وفات کے بعد بھارت میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق اداکار کے نام پر انڈیا میں 320 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثے موجود ہیں جس میں ممبئی میں ان کا ایک گھر اور جوہو میں ایک فلیٹ بھی شامل ہے۔
پراپرٹی کے علاوہ عرفان خان گاڑیاں رکھنے کے بھی شوقین تھے۔ انہوں نے دنیا کے مقبول ترین برانڈز کی گاڑیاں خرید رکھی تھیں۔ ٹیکس حکام کے مطابق اداکار عرفان خان اپنے اثاثوں کی مالیت کے حساب سے زیادہ ٹیکس دیتے تھے۔ عرفان اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے فلموں اور اشتہارات میں بھاری معاوضہ وصول کرنے والے اداکاروں میں سے ایک تھے۔ وہ ایک فلم میں اداکاری کرنے کا 10 سے 15 کروڑ معاوضہ لیتے تھے جبکہ ایک اشتہار میں کام کرنے کا معاوضہ 4 سے 5 کروڑ تک وصول کرتے تھے۔
یاد رہے کہ بولی وڈ کے بعد ہولی وڈ میں بھی اپنی شاندار اداکاری کا سکہ جمانے والے سیلف میڈ بھارتی مسلمان اداکار عرفان خان نے زندگی میں یوں تو کئی مشکلات جھیلیں، کینسر جیسے موذی مرض کا بھی کئی برس تک جم کر مقابلہ کیا۔ تاہم چند روز قبل ہندوستان بھر میں کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے دوسرے شہر میں اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت نہ کرنے کا دکھ ان کے لئے جان لیوا ثابت ہوا اور 29 اپریل 2020 کے روز بالی ووڈ اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلابین اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں دارِ فانی سے رخصت ہوگئے تھے۔ عرفان کومارچ 2018 میں نیورو اینڈوکرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ کینسر کے علاج کےلیے لندن منتقل ہوگئے تھے۔ وہ لندن میں کینسر کے علاج اور سرجری کے بعد ستمبر 2019 میں بھارت واپس آئے تھے جہاں آنت کے انفیکشن کے باعث ممبئی میں انکا انتقال ہو گیا۔
عرفان خان نے اپنی زندگی میں بالی ووڈ سمیت ہالی ووڈ کی کئی معروف فلموں میں اداکاری کی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ 2017 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں انہوں نے پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔ عرفان خان نے اپنے فلمی کیریئر میں بالی ووڈ کی 100 سے زائد فلموں میں کام کیا جن میں پیکو، مقبول، حاصل اور پن سنگ تومر جیسی کامیاب فلمیں بھی شامل ہیں جبکہ ان کی ہالی ووڈ فلموں میں لائف آف پائی، جراسک ورلڈ، سلم ڈاگ ملینیئر اور دی ایمزنگ اسپائیڈرمین شامل ہیں۔ عرفان خان نے فنِ اداکاری میں وہ نئی روایات متعارف کروائیں جو اس شعبے میں نئے آنے والوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button