عمران خان ٹوئٹ سے انکار کریں یا پھر نا اہلی تسلیم کریں: گورنر خیبر پختونخوا

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اپنی متنازع ٹوئٹ سے انکار کریں یا پھر اپنی نا اہلی تسلیم کریں۔ کل تک بانی پی ٹی آئی کی ٹوئٹ ان کے اکاؤنٹ پر موجود تھی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان یہ کہتے ہیں کہ متنازع ٹوئٹ انہوں نے نہیں کی تو یہ بتائیں کہ وہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کب کی؟ کل تک وہ ٹوئیٹ موجود تھی اور وہ شخص اتنا نالائق اور نا اہل ہے کہ اس کو یہ نہیں پتا کہ میں اپنا ٹوئٹر کس کو دے رہا ہوں؟ اگر میں کسی اور کو اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ دے بھی رہا ہوں تو اس پر پکا اعتماد کر ہونا چاہیے۔

گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ عمران خان تسلیم کرے کہ میں نے اس شخص کو کہا ہے ٹوئٹ کرنے یا پھر یہ اعتراف کرے کہ میں اتنا نالائق اور نا اہل ہوں کہ اپنا ٹوئٹر چلانے کے لیے ایک اہل شخص کو نہیں ڈھونڈ سکا۔ یا تو ٹوئٹ سے انکار کریں یا پھر اپنی نااہلی تسلیم کریں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت مشکلات سے گزر رہا ہے۔ حکومت اور سیاسی لوگوں کا ملک کو سنھبالنے میں اہم کردار ہے۔ سیاسی جماعتوں کو ملک کر بحرانوں سے نکالنےکے لیےکردار ادا کرنا چاہیے اور مسائل حل کرنے کےلیے پارلیمنٹ ہی بہتر فورم ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا اداروں میں ٹکراؤ نہیں ہوناچاہیے اور سب ادروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔ اگر کسی کو الیکشن پر اعتراض ہے وہ فورم موجود ہے جائے۔ ہمیں 40 سال بعد عدالت سے انصاف ملا۔ 40 سال بعد ہمیں بتایا گیا کہ وہ عدالتی قتل ہوا تو کیا شہید بھٹو واپس آسکتے ہیں؟ لیکن ہم تب بھی کہتے ہیں کہ آپ عدالتیں جائیں، آپ پارلیمان میں آئیں۔ آپ کو دیگر جماعتوں کے ساتھ بیٹھنا پڑے گا۔

وزیر اعلیٰ کے پی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گورنر کے پی فیصل کنڈی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے ساتھ محبت ان شا اللہ چلتی رہے گی۔ انہیں کھانےکی دعوت دی ہے لیکن شاید وہ کچھ ہچکچا رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آپ سوشل میڈیا کے خیبرپختونخوا کو دیکھ کر چیزوں کا اندازہ مت لگائیں۔ میرے ساتھ آئیں میں آپ کو گورنر ہاؤس سے خیبرپختونخوا دکھاتا ہوں۔

Back to top button