عمران خان کی متنازع ٹوئٹ  پر پی ٹی آئی کی مشکلات میں اضافہ

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی متنازع سوشل میڈیا پوسٹ سے پہلے پہل تحریک انصاف کی قیادت نے خود کو الگ رکھنے کی کوشش کی تاہم پی ٹی آئی کور کمیٹی  کے اجلاس کے بعد اسے تسلیم کرتے ہوئے وہی مطالبہ دہرایا کہ لوگ حمود الرحمٰن کمیشن کی رپورٹ پڑھیں اور فوج اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے۔

جمعہ کے روز  تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ایف آئی اے عمران خان کے خلاف ایک اور مقدمہ بنانے کی کوشش میں ہے، جو اس وقت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف گوہر علی خان، ایم این اے علی محمد خان اور ترجمان رؤف حسن نے اصرار کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہیں ہے اور یہ پوسٹ کسی اور کی جانب سے کی گئی ہے۔ تاہم شاہ محمود قریشی کے صاحب زادے رکن قومی اسمبلی زین قریشی نے اس مؤقف کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کی مرضی کے بغیر کوئی ٹوئٹ نہیں کی گئی۔

Back to top button