عمران نے 2013 میں لاہور کا الیکشن فارن فنڈنگ سے لڑا


الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سکروٹنی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے 2013 کے الیکشن میں لاہور کے حلقہ این اے 122 سے مسلم لیگی رہنما ایاز صادق کے خلاف جو الیکشن لڑا تھا اس کے لئے فارن فنڈنگ کی رقم استعمال ہوئی لیکن خان صاحب پھر بھی یہ الیکشن 9 ہزار ووٹوں سے ہار گئے تھے۔

معروف تحقیقاتی صحافی ستار خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سکروٹنی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ 2013 کے الیکشن کے دوران تحریک انصاف نے بیرون ممالک سے بھیجی گئی ایک لاکھ چار ہزار ڈالرز کی رقم کو صرف تین انتخابی حلقوں میں خرچ کر ڈالا تھا لیکن پھر بھی ان سیٹوں پر پی ٹی آئی کے امیدواروں بشمول عمران خان کو شکست ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں فنڈ ریزنگ کیلئے قائم کمپنی ایل ایل سی 6160 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے تین امیدواروں کو الیکشن لڑنے کیلئے بیرون ممالک سے ایک کروڑ چار لاکھ 970 روپے موصول ہوئے تھے یعنی انہین ایک لاکھ چار ہزار ڈالر کی فارن فنڈنگ کی گئی تھی۔

جن تین حلقوں میں انتخابی مہم کیلئے بیرون ممالک سے رقوم بھجوائی گئیں، ان میں لاہور کا حلقہ 122 بھی شامل تھا جس میں عمران خان اور مسلم لیگ ن کے ایاز صادق کے درمیان مقابلہ ہوا تھا، لیکن سردار ایاز صادق یہ مقابلہ 9 ہزار ووٹوں کی برتری سے جیت گئے تھے۔دوسرا حلقہ جس میں فارن فنڈنگ کی رقم استعمال کی گئی وہ کے پی کے کا حلقہ نمبر 21 تھا جہاں مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم نواز کے شوہر کیپٹن(ر) صفدر الیکشن لڑ رہے تھے اور ان کے مدمقابل تحریک انصاف سے نوابزادہ صلاح الدین تھے۔ اس حلقے سے کیپٹن (ر) محمد صفدر نے نوابزادہ صلاح الدین کو 65 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔تیسرا حلقہ جس میں پی ٹی آئی نے بیرون ممالک سے بھیجی گئی رقوم استعمال کیں وہ کراچی کا این اے 254 تھا، وہاں پی ٹی آئی کے امیدوار محمد نسیم ایم کیو ایم کے امیدوار کے خلاف کھڑے تھے۔ اس مقابلے میں ایم کیو ایم کے امیدوار نے پی ٹی آئی امیدوار کے خلاف 46 ہزار ووٹوں سے فتح سمیٹی تھی، یعنی ایک کروڑ چار لاکھ کی فنڈنگ کے باوجود تحریک انصاف کو چیئرمین عمران خان سمیت ان تینوں حلقوں میں شکست کھانا پڑی تھی۔

سینئر صحافی ستار خان کے مطابق بیرونی فنڈنگ میں سے سب سے زیادہ رقم عمران خان کے حلقہ این 122 لاہور میں استعمال ہوئی جو کہ 70 لاکھ کے قریب بنتی ہے، اس رقم کو صرف عمران خان کی تصویر والی ٹی شرٹس اور ٹوپیاں بنانے کے لیے استعمال میں لایا گیا۔ حلقہ نمبر 21 کے پی کے کیلئے بیرون ملک سے بھجوائے گے 20 لاکھ روپے استعمال ہوئے جبکہ کراچی کے حلقہ 254 میں فارن فنڈنگ کے 14 لاکھ روپے کی رقم استعمال کی گئی تھی۔
لیکن یہ جاننا ضروری ہے کہ آخر اتنی بڑی رقم صرف پی ٹی آئی کی انتخابی مہم کے لیے بھیجی گئی تھی یا اس کا مقصد کچھ اور بھی تھا، ستار خان کے مطابق تحریک انصاف ہمیشہ کرپشن مخالف بیانیہ لے کر انتخابی میدان میں اترتی ہے، لیکن عمران خان کے حلقے میں اتنی بڑی رقم کو صرف ٹی شرٹس اور ٹوپیاں بنانے پر اڑا دیا گیا، جس کے باوجود نتیجہ عمران خان کی شکست کی صورت میں نکلا۔

Back to top button