عمر چور گلوکارہ حدیقہ کیانی کتنے برس کی ہیں؟


معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے کہا ہے کہ وہ دیکھنے میں 40 برس کی لگتی ہیں لیکن سچ یہ ہے کہ وہ عمر چور ہیں۔ حدیقہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ جلد پچاس سال کی ہوجائیں گی مگر فٹنس کی وجہ سے وہ 40 برس کی ہی لگتی ہیں۔ حدیقہ نے کہا کہ جب میں نے کم عمری میں گلوکاری شروع کی تو لوگ مجھے فون کرتے وقت یا مخاطب ہوتے وقت بھی زائد العمر سمجھ کر ’باجی‘ کہہ کر بلاتے تھے مگر اب جب ان کی عمر بڑھ رہی ہے تو لوگ سمجھتے ہیں کہ میں ابھی جوان ہوں۔
حدیقہ کیانی نے کہا ہے کہ وہ حد سے زیادہ کامیابی سے ڈرتی ہیں، کیوںکہ پہلے ہی انہوں نے موسیقی میں شہرت کی وجہ سے اپنے پیاروں کو خود سے دور جاتے دیکھا ہے۔ شوبز ویب سائٹ ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ میں نے زمانہ طالب علمی سے ہی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔گلوکارہ نے بتایا کہ ان کی پیدائش راولپنڈی میں ہوئی تھی مگر جب وہ تین سال کی تھیں تب ان کے والد انتقال کر گئے لہذا وہ والدہ سمیت لاہور منتقل ہوگئیں۔
اداکارہ کے مطابق ان کے والد فوج میں تھے جب کہ ان کی والدہ پرنسپل تھیں اور انہوں نے کم عمری میں ہی پاکستان ٹیلی وژن پر بچوں کے ایک پروگرام سے کیریئر کا آغاز کیا۔نانہوں نے بتایا کہ جب وہ کالج میں تھیں تب ہی انہوں نے پی ٹی وی سے کمائی کرنا شروع کی تھی اور والدہ کی مالی معاونت کیا کرتی تھیں۔ حدیقہ کیانی کے مطابق ان کے بھائی بھی ان کی طرح موسیقی میں دلچسپی رکھتے تھے اور انہوں نے اہنا پہلا گانا بھائی کی مدد سے ہی ریلیز کیا تھا۔
گلوکاری کے بعد اب اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دینے والی حدیقہ کیانی نے بتایا کہ اگرچہ ان کے بھائی تنگ نظر نہیں تھے مگر اس وقت معاشرے کے دباؤ کی وجہ سے ان کے بھائی قدرے تنگ نظر تھے، جس وجہ سے انہیں بھائی سے ڈر بھی لگتا تھا۔ حدیقہ کے مطابق انہوں نے کم عمری میں ہی شہرت حاصل کر لی تھی، ت علی حیدر جیسے گلوکار سپر اسٹار ہوا کرتے تھے۔ ایک سوال پر انہوں نے اداکاری کو موسیقی سے مختلف اور مشکل قرار دیا اور اعتراف کیا کہ انہیں اداکاری کرنے سے زیادہ عوامی شہرت مل رہی ہے۔ حدیقہ نے بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے کراچی میں ایک کنسرٹ میں پرفارمنس کی تو لوگوں نے انہیں بطور گلوکارہ نہیں بلکہ اداکارہ پہچانا اور حیران رہ گئے کہ ’رقیب سے‘ ڈرامے کی ’سکینہ‘ تو اچھا گاتی ہیں۔ گلوکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 25 سال تک گلوکاری کی مگر انہیں چند ڈراموں نے موسیقی سے زیادہ شہرت بخشی۔انہوں نے کہا کہ اداکاری کرنے کے بعد انہیں ایسا لگتا ہے کہ اب وہ لوگوں کے گھروں میں داخل ہو چکی ہیں، کیوں کہ پہلے وہ بطور گلوکارہ لوگوں سے دور تھیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کا اداکاری کا کوئی ارادہ نہیں تھا مگر گزشتہ سال لاک ڈاؤن کے دوران ہم ٹی وی کی مومنہ درید نے انہیں فون کرکے ’رقیب سے‘ میں ’سکینہ‘ کا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی۔
حدیقہ کیانی نے بتایا کہ جلد ہی وہ تیسرے ڈرامے ’پنجرہ‘ میں بھی دکھائی دیں گی جو کہ مرحوم ڈراما ساز اسما نبیل کا لکھا گیا آخری ڈراما ہے۔ ان کے مطابق انتقال سےچند ماہ قبل اسما نبیل نے انہیں بلا کر اپنے ڈرامے کے کردار سے متعقل بتایا تھا اور وہ پہلے ہی ڈرامے میں کاسٹ کرلی گئی تھیں۔انہوں نے اپنے دوسرے ڈرامے ’دوبارہ‘ میں اپنے کردار کے حوالے سے کہا کہ ان کے کردار کی خواتین بھی تعریفیں کر رہی ہیں۔
حدیقہ کیانی نے بتایا کہ انہیں جتنی شہرت ملی، وہ اس پر خدا کی شکر گزار ہیں۔حدیقہ نے بتایا کہ گلوکارہ بننے کے لیے انہوں نے بہت بڑی قیمت چکائی، کیوں کہ انہیں شہرت ملنےاور ان کا نام مقبول ہونے کی وجہ سے ان سے اپنے پیارے بھی دور ہوئے۔ حدیقہ نے کہا کہ جب انہیں شہرت ملنے پر ان کے پیاروں نے خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہوئے ان سے دوری اختیار کی، تب سے ان کی خواہش ہے کہ انہیں کبھی حد سے زیادہ شہرت نہ ملے۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ حد سے زیادہ شہرت سے اس لیے ڈرتی ہیں، کیوں کہ انہیں خدشہ ہے کہ ان سے دوسرے پیارے لوگ بھی الگ ہوجائیں گے۔ ذاتی زندگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حدیقہ کیانی نے بتایا کہ انہوں نے بیٹے ناد علی کو اکتوبر 2005 میں آزاد کشمیر کے زلزلے کے بعد گود لیا تھا، تب ان کی پہلی طلاق ہو چکی تھی۔ایک سوال کے جواب میں حدیقہ کیانی نے اعتراف کیاکہ انہیں بعض اوقات اپنی زندگی میں ’مرد‘ کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ انہون نے کہا کہ جب انہیں کبھی اپنی کامیابیوں پر کسی سے بات کرنے کا دل کرتا ہے یا پھر اپنی ناکامیوں یا بے بسیوں پر رونے کا دل کرتا ہے تب ان کے پاس کسی ’مردُ کا ساتھ نہیں ہوتا۔ لہذا مشکل وقت میں بیٹے اور بھتیجے کے ساتھ ہی جذبات کا اظہار کر لیتی ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں ایسا کوئی ساتھی نہیں چاہیے جو ان کا سہارا بننے کے بجائے ان کی کامیابیوں اور شہرت سے خود کو غیر محفوظ تصور کرکے ان کے لیے مسائل کھڑے کرے۔

Back to top button