غزہ کی صورتحال پرعرب سربراہی اجلاس طلب

قاہرہ: غزہ کی صورتحال پر مصر کی میزبانی میں27 فروری کو ہنگامی عرب سربراہی اجلاس منعقد ہوگا۔

مصری وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کا فیصلہ عرب ممالک بشمول فلسطین سےاعلیٰ سطح  پرہونےوالی مشاورت کےبعد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب غزہ سےفلسطینیوں کی اردن اورمصر میں جبری بےدخلی کےحوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کےبیانات کے بعد مصری وزیرخارجہ بدر عبد العاطی امریکا روانہ ہوگئے ہیں۔

اپنے دورے میں مصری وزیر خارجہ امریکی انتظامیہ اوراراکین سینیٹ سے ملاقاتیں کریں گے۔

مصری وزارت خارجہ کے مطابق دورے کا مقصد دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت کو مزید فروغ دینا ہے، جبکہ دورے کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صدر ٹرمپ نے غزہ پر امریکا کی جانب سے قبضہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لے گا، ہم اس کے مالک ہوں گے۔ جس کا مقصد اس علاقے میں استحکام لانا اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھاکہ میں غزہ میں طویل المدتی ملکیت کی پوزیشن دیکھتا ہوں، ہم غزہ کو ترقی دیں گے، علاقے کے لوگوں کے لیے ملازمتیں دیں گے ، شہریوں کو بسائیں گے۔

ٹرمپ کے اعلان پر اقوام متحدہ اور دنیا کے کئی ممالک نے غزہ سے فلسطینیوں کی بےدخلی کی مخالفت کی تھی اور دو ریاستی حل پر زور دیا تھا۔

Back to top button