غیر ملکیوں کے ویزوں میں 2 ماہ کی توسیع

وفاقی حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث پاکستان میں پھنسے غیر ملکیوں کے ویزوں میں 2 ماہ کی توسیع کردی، وہ ویزے جن کی مدت ختم ہوچکی تھی انہیں 30 جون تک قابلِ عمل سمجھا جائے گا۔
وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار کے مطابق مذکورہ فیصلہ کووِڈ 19 بیماری کے پھیلنے کے تناظر میں اٹھایا گیا اور ’عوام کے ایک ساتھ اکٹھا ہونے‘ کے ذریعے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کا حصہ ہے۔ نوٹیفکیشن گزشتہ اعلامیے کا تسلسل ہے جسے رواں ماہ کے اوائل میں جاری کیا گیا تھا اور غیر ملکیوں کے ہر قسم کے ویزوں میں 30 اپریل تک توسیع کردی گئی تھی۔
وزارت کی جانب سے جاری حالیہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس توسیع کا اطلاق 15 مارچ سے 30 جون تک زائد المیعادہونے والے تمام ویزوں پر ہوگا اور ’اس قسم کے تمام ویزے 30 جون تک قابل عمل سمجھے جائیں گے‘۔ وزارت داخلہ کی جانب سے اس فیصلے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ اور امیگریشن اور پاسپورٹ کے ڈائیریکٹریٹ جنرل کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک نے اندرونِ یا بیرونِ ملک پروازوں کا سلسلہ معطل کردیا تھا جس کے بعد ہزاروں افراد مختلف ممالک میں پھنس گئے تھے۔
پاکستان میں بھی امریکی، برطانوی سمیت دیگر ممالک کے شہریوں کی بڑی تعداد پھنسی ہوئی ہے جنہں نکالنے کے لیے ان کے ممالک خصوصی پروازیں بھی چلا رہے ہیں۔ قبل ازیں برطانوی ہائی کمشنر نے بتایا تھا کہ تقریباً ایک لاکھ برطانوی شہری پاکستان میں موجود ہیں جس میں سے تقریباً 21 ہزار عارضی ویزے پر برطانیہ سے آئے تھے۔ اسی طرح تقریباً 40 ہزار سے زائد پاکستانی دنیا کے مختلف ممالک میں پروازوں کی بندش کے باعث پھنس گئے تھے جن کی واپسی کے لیے حکومت چارٹرڈ پروازیں چلا رہی ہے۔
