فواد چوہدری نے دوماہ پہلے ہی رمضان کا چاند دیکھ لیا

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے رمضان المبارک کے چاند کی ممکنہ تاریخ بتادی۔ ان کا کہنا ہے رمضان البارک کا چاند 24 اپریل کو پورے ملک میں دیکھا جائے گا اور پہلا روزہ 25 اپریل کو ہوگا۔
ٹوئٹر پر انہوں نے رویت ہلال کمیٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی نے ذیقعد اور رجب دونوں کی غلط تاریخ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘اس حوالے سے 5 مارچ کو پارلیمان کی مذہبی امور کی کمیٹیوں کو بریفنگ دیں گے کہ عید اور اسلامی تہوار تقسیم نہیں اتحاد کا باعث بننے چاہیے’۔
خیال رہے کہ سرکاری سطح پر چاند کی رویت کا اعلان کرنے کا اختیار رویت ہلال کمیٹی کو حاصل ہے۔
تاہم گزشتہ سال وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘وہ علما آج بھی چاند دیکھتے ہیں جنہیں پاس بیٹھا شخص بھی دکھائی نہیں دیتا’۔ انہوں نے کہا کہ جدید دوربین کو حرام قرار دینے کی سمجھ نہیں آتی جب کہ ہماری پرانی دور بین سو سال پرانی ہے، نماز کے اوقات سورج سے منسلک ہیں اسی طرح چاند کا مسئلہ بھی ایسا ہی ہے۔
20 مئی کو فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے سائنسی بنیادوں پر چاند دیکھنے کے معاملے کےلیے قمری کیلنڈر تیار کرلیا، یہ قمری کیلنڈر 5 سال کےلیے تیار کیا گیا ہے اور 5 سال بعد اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘کیلنڈر میں سائنسی طور پر بتایا گیا ہے جس میں پاکستان کی حدود میں چاند کن کن تاریخوں میں نظر آئے گا، غروب ہوگا اور اس پر گرہن کب لگے گا، سے متعلق معلومات ہوں گی’۔
26 مئی کو انہوں نے چاند کی رویت اور اس حوالے سے دیگر تفصیلات کی معلامات کےلیے سرکاری ویب سائٹ بھی متعارف کرائی تھی۔ 31 مئی کو انہوں نے اس حوالے سے معلومات کےلیے موبائل فون رکھنے والوں کےلیے ایک ایپلی کیشن ‘دی رویت’ بھی متعارف کرائی تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button