وزیراعظم ایک روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے۔ وزیراعظم کاعہدہ سنبھالنے کے بعداُن کاقطر کایہ دوسرادورہ ہے۔ وزیراعظم کے ہمراہ ان کے معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی ذوالفقار بخاری، معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر ہمراہ ہیں۔
اپنے دورے میں وزیراعظم عمران خان امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کریں گے۔ اس دورے کا مقصد باہمی تعاون کو مستحکم کرنے اور علاقائی ترقی پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ دورہ ایسے وقت میں کیا جارہا جب 2 روز بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہی امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخظ کی تقریب ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان باہمی اعتماد کی بنیاد پر قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں، یہ دوطرفہ تعلقات وسیع اور کثیرالجہتی ہیں جو سیاست، تجارت، دفاع، لوگوں سے لوگوں کے تعلقات اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں پر محیط ہیں۔
