بلاول بھٹو انتخابی مہم کے لیے مظفر آباد پہنچ گئے

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم کے لیے مظفر آباد پہنچ گئے، وہ جلسوں سے خطاب کریں گے اور پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور پیش کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، سینئر رہنماء پیپلز پارٹی چوہدری محمد ریاض، ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان بھی تھے
اس سے پہلے جب بلاول بھٹو زرداری کوہالہ پل سے مظفرآباد کی حدود میں داخل ہوئے تو قائم مقام صدر آزاد کشمیر و سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، میاں عبدالوحید سید بازل علی نقوی، سردار جاوید ایوب، مختار عباسی، دیوان چغتائی، اشفاق ظفر، مبشر منیر اعوان سمیت دیگر ٹکٹ ہولڈرز، پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا والہانہ اور پرتپاک استقبال کیا۔
بلاول بھٹو کو سیکڑوں گاڑیوں کے جلوس میں دارالحکومت پہنچایا گیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے- بلاول اپنے دورہ مظفرآباد کے دوران پونچھ ڈویژن اور مظفر آباد ڈویژن کے امیدواروں اور رہنماوٴں سے ملاقاتیں کریں گے اور آئندہ انتخابی حکمت عملی پر مشاورت بھی کریں گے
