ہماری ذمے داری ہے کوئی پُرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئے گا: عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ انتظامیہ سڑکوں کی بندش اور عوام کی آمد و رفت میں خلل نہیں آنے دے گی، فیول ریلیف اسکیم میں 22 لاکھ افراد رجسٹر ہوچکے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہماری ذمے داری ہے کہ کوئی پُرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئے گا۔
پریس کانفرنس میں عطا تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد کی سڑکوں کی بندش اور عوام کی آمد و رفت میں خلل سے متعلق عدالت کے واضح احکامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ یقینی بنائے گی کہ کوئی خلل نہ آئے، ہماری ذمے داری ہے کہ کوئی پُرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئے گا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم میں اب تک 22 لاکھ افراد رجسٹر ہوچکے ہیں۔ رجسٹریشن کے لیے موٹر سائیکل کا مالک ہونا ضروری نہیں، جبکہ موٹر سائیکل کے لیے پانچ لیٹر کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات میں مارچ، ہڑتالوں اور دھرنوں کی باتیں سمجھ سے بالاتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام مشکل فیصلوں سے حاصل ہوا، معاشی ترقی کے سفر کو جاری رکھنا مشترکہ ذمے داری ہے۔ مسائل بیٹھ کر حل کیے جائیں، دھرنوں اور احتجاج سے نقصان کا اثر غریب عوام پر پڑے گا۔
