جہلم: اپنے 3 بچوں کو نہر میں پھینکنے والا باپ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
پولیس کے مطابق حملہ آور زیرِ حراست ملزم کو فرار کروانا چاہتے تھے، فائرنگ کے دوران ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوا

جہلم میں قاضی چک کے قریب اپنے 3 بچوں کو منگلا نہر میں پھینکنے والا زیرِ حراست ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو تفتیش کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ جی ٹی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی۔ حملہ آور زیرِ حراست ملزم کو فرار کروانا چاہتے تھے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ کے دوران ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوا اور اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران ایک گولی پولیس کانسٹیبل کی بلٹ پروف جیکٹ جبکہ دوسری پولیس موبائل پر لگی۔
ڈی پی او جہلم نے کہا ہے کہ قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور پولیس پر حملہ کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے منگل کی رات اپنے 3 بچوں کو منگلا نہر میں پھینکنے کے بعد گرفتاری دے دی تھی۔ نہر سے 2 بچیوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ایک بچے کی تلاش جاری ہے۔
