غیرقانونی تارکین وطن کو کشتی پر انگلش چینل عبور کرانے والے پائلٹ کو 2 سال 3 ماہ قید

165 تارکین وطن کو برطانیہ لے جانے والی کشتی میں 31 بچے اور نابالغ بھی شامل تھے، خوراک، پانی، لائف جیکٹس اور ادویات کی قلت کا سامنا رہا

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق انگلش چینل کے ذریعے 165 غیرقانونی تارکین وطن کو کشتی پر برطانیہ لے جانے والے پائلٹ کو 2 سال 3 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔

جنوبی سوڈان سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ چان ماتھوک اتاک پر الزام تھا کہ اس نے 23 جولائی کو برطانوی حدود میں سمندری گزرگاہ پر 165 تارکین وطن کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اپنے فعل کا اعتراف بھی کیا۔

کینٹربری کراؤن کورٹ میں سماعت کے دوران استغاثہ نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے ایک کشتی میں بہت بڑی تعداد میں غیرقانونی تارکین وطن کو انگلش چینل عبور کرانے کی کوشش کرکے ان کی زندگیوں کے لیے خطرات پیدا کیے۔

عدالت نے سزا سناتے ہوئے متنبہ کیا کہ غیر ملکی شہری ہونے کے ناطے چان ماتھوک اتاک اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد خودکار نظام کے تحت ملک بدری کا اہل ہوگا۔

استغاثہ کے جیمز ہیریسن نے عدالت کو بتایا کہ اتاک جس کشتی کو چلا رہا تھا، وہ معیاری بس کی لمبائی کے برابر تھی اور کیلس سے برطانیہ کے درمیان سفر کر رہی تھی۔ اس کشتی میں 31 بچے اور نابالغ بھی سوار تھے، جن میں بعض کی عمر 14 سال سے کم تھی۔

نیشنل کرائم ایجنسی کے مطابق کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار کیے گئے تھے۔ مسافروں کو خوراک، پینے کے پانی، لائف جیکٹس اور ادویات کی قلت کا سامنا تھا اور وہ تقریباً 24 گھنٹے تک سمندر میں مشکلات سے دوچار رہے۔

Back to top button