ڈی آئی خان میں پی ٹی آئی جلسے کی تیاریوں میں مصروف کارکنوں پر نامعلوم افراد کا حملہ
حملہ آوروں نے کارکنوں سے موبائل فونز چھین لیے اور بینرز کو آگ لگا دی، واقعے کے بعد جلسہ منسوخ کردیا گیا

ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریوں میں مصروف کارکنوں پر 9 سے 10 نامعلوم افراد نے حملہ کرکے موبائل فونز چھین لیے اور سامان کو آگ لگا دی۔
تھانہ کینٹ میں درج کرائی گئی رپورٹ کے مطابق مدعی رمضان مروت ولد پرویز سلیم، سکنہ شاہ عالم چوک نے الزام عائد کیا کہ ڈسٹرکٹ آڈیٹوریم ہال میں پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں جاری تھیں کہ اس دوران 9 سے 10 نامعلوم ملزمان اچانک آئے اور کارکنوں کو زد و کوب کرنا شروع کردیا۔
مدعی کے مطابق ملزمان نے ان سے موبائل فونز چھین لیے اور بینرز کو آگ لگا دی۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ واقعے کے بعد پی ٹی آئی کا جلسہ منسوخ کردیا گیا۔
