نیول چیف کا سی اسپارک 2026 مشق کا جائزہ
ایڈمرل نوید اشرف نے ساحلی پٹی اور کھلے سمندر میں جاری مشق کی تیاریوں کا جائزہ لیا، اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے سمندر میں موجود یونٹس اور کریکس ایریا کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک بحریہ نے ساحلی پٹی اور کھلے سمندر میں جاری مشق سی اسپارک 2026ء کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور مشق میں حصہ لینے والے اہلکاروں سے ملاقات بھی کی۔
یکم ستمبر سے جاری سی اسپارک 2026ء میں بحری آپریشنز کے تمام پہلوؤں کی مشق کی جارہی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشق کے دوران آپریشنل تیاری اور امن سے جنگی صورتحال میں منتقلی کی صلاحیت کو جانچا جارہا ہے۔ جنگ کے بدلتے انداز کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں سال کی مشق میں انفارمیشن انوائرمنٹ میں آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
مشق سی اسپارک میں ملٹی ڈومین آپریشنز اور بغیر پائلٹ نظاموں کا وسیع پیمانے پر استعمال شامل ہے۔
نیول چیف نے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور ناقابلِ تسخیر رہنے کے عزم کو سراہا۔
