محکمہ موسمیات کی مون سون سیزن سے متعلق آؤٹ لک جاری

محکمہ موسمیات نے 2026 کے مون سون سے متعلق ہندوکش، قراقرم اور ہمالیہ خطے کا سیزنل آوٹ لک جاری کر دیا اور ملک میں بارشوں جبکہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کے باعث گلیشیئرز پگھلنے کی رفتار میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون کے حوالے سے جاری آوٹ لک میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں معمول کے مطابق بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنےکا امکان ہے، زیادہ درجہ حرارت سے برفانی تودوں اور گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار بڑھ سکتی ہے اور مون سون کے دوران دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور مقامی سیلاب کا خدشہ ہے۔
آؤٹ لک میں کہا گیا ہے کہ شدید اور مختصر دورانیے کی بارشیں فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے ریلوں کا سبب بن سکتی ہیں،گلیشیائی جھیلوں گلوف کے پھٹنے کے خطرات میں اضافےکا امکان ہے۔
اسی طرح محکمہ موسمیات نے دریاؤں، ندی نالوں اور گلیشیائی وادیوں کے قریب رہنے والے شہری محتاط رہیں، متعلقہ اداروں کو موسم اور سیلاب کی صورت حال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اپریل تا جون کی بارشوں کے حوالے سے جاری ایک اور اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ اپریل تا جون سیزن میں مجموعی طور پر ملک میں بارشیں معمول سےقدرے زیادہ رہیں، پاکستان میں اپریل تا جون 2026 کے دوران بارشیں معمول سے 13 فیصد زیادہ ریکارڈ ہوئیں۔
