فیلڈ مارشل کی ترک صدر سے ملاقات، پاک ترک دفاعی تعاون پرتبادلہ خیال

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترک صدر  رجب طیب اردوان سے انقرہ میں اہم ملاقات ہوئی جس میں  پاک ترک دفاعی تعاون، دفاعی صنعت میں اشتراک، علاقائی سلامتی اور مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

ترک ایوان صدر کے مطابق ملاقات انقرہ ائیرپورٹ پر ہوئی، جہاں صدر اردوان قطر کے سرکاری دورے پر روانگی سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملے۔ ملاقات بند کمرے میں ہوئی جس میں ترکیےکے نائب صدر جودت یلماز، چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلچوق بائراکتاراولو اور قومی انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ ابراہیم قالن بھی شریک تھے۔

سرکاری ذرائع نے ملاقات کی اندرونی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم سفارتی اور دفاعی حلقوں کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک ترک دفاعی تعاون، دفاعی صنعت میں اشتراک، علاقائی سلامتی، مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور ترکیے کے درمیان دفاعی تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی پیداوار، ڈرون ٹیکنالوجی، بحری منصوبوں اور عسکری تربیت سمیت متعدد شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اس سے ایک روز قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلچوق بائراکتاراولو سے ملاقات کی تھی، جہاں انہیں ترکیےکی مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان فوجی روابط، دفاعی تعاون اور پیشہ ورانہ اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مبصرین کے مطابق صدر اردوان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات اس امر کی غماز ہے کہ اسلام آباد اور انقرہ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن، استحکام اور دفاعی تعاون کے فروغ کو بھی مشترکہ ترجیح دے رہے ہیں۔

 

 

 

 

Back to top button