آزاد کشمیر میں مکمل کلیئرنس تک آپریشن جاری رہے گا،سیکرٹری داخلہ

آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال پر سیکرٹری داخلہ چوہدری گفتار حسین نے کہا ہے کہ تمام شاہراہوں کی مکمل کلیئرنس تک آپریشن جاری رہے گا۔

سیکرٹری داخلہ چوہدری گفتار حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور کشمیر کے تاریخی رشتے کو نقصان پہنچانےکی کوشش کی جارہی ہے، کالعدم تنظیم کا اصل مقصد پاکستان مخالف بنانیے کو ہوا دینا ہے۔راولاکوٹ میں شرپسندوں نے معصوم شہریوں پربلا اشتعال اندھا دھند فائرنگ کی۔

انہوں نے بتایا کہ تاجروں کو دھمکیاں دینا، زبردستی بازار بندکراناکالعدم تنظیم کا وتیرہ بن چکا ہے، احتجاج کا لبادہ اوڑھ کر دھونس، بلیک میلنگ، پروپیگنڈے کی سیاست کو مستقل ہتھیار بنایا جارہا ہے۔

چوہدری گفتار حسین  کا کہنا تھا کہ طلبہ، خواتین، بچوں کو بطور انسانی ڈھال استعمال کیا جارہا ہے لیکن غیور عوام نے شرپسندوں کے انتشاری ایجنڈےکو مکمل طورپر مستردکردیا، انہوں نے واضح کیا کہ تمام شاہراہوں کی مکمل کلیئرنس تک آپریشن جاری رہے گا۔

سیکرٹری تعلیم آزادکشمیر  نے بھی معصوم بچوں اور طالبات کو احتجاجی سرگرمیوں میں لانے کی مذمت کی اور کہا کہ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو طلباء کو ہرقسم کے احتجاج سے دورر کھنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

Back to top button