آزاد کشمیر انتخابات،نواز شریف کے دورہ میرپور کا اعلان

آزاد کشمیر میں انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم جاری ہے، مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے دورہ میرپور کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ، وزیر امور کشمیر امیر مقام اور طارق فضل چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ نواز شریف 19 جولائی کو میرپور کا دورہ کریں گے۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ 27 جولائی کو ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات آئین اور قانون کے مطابق اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے اور کسی کو طاقت یا اسلحے کے زور پر انتخابی عمل سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے دوران ان کے تمام مطالبات پورے کیے گئے۔
انہوں نے واضح کیاکہ مہاجرین کی نشستوں کا معاملہ آزاد جموں و کشمیر اسمبلی سے متعلق ہے، کیونکہ آئینی نوعیت کے معاملات حکومتِ پاکستان نہیں بلکہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے دائرۂ اختیار میں آتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر اسمبلی اپنی آئینی مدت 4 اگست کو مکمل کرے گی، اس لیے عام انتخابات 27 جولائی 2026 کو شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وہ آزاد کشمیر کے داخلی راستوں پر خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی ترسیل روکنے سے متعلق اطلاعات کا جائزہ لینے کے لیے آئے ہیں۔
