مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے گیارہ اپریل تک بند رکھنے کا اعلان

پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورت حال پر نظر رکھنے اور اس حوالے سے اقدامات کی منظوری دینے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے گیارہ اپریل تک بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ جن شہروں میں کورونا کا پھیلاؤ زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے گیارہ اپریل تک بند رکھے جائیں گے۔ نویں تا بارہویں کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے۔ این سی او سی کے بدھ کو جاری کیے اعلامیے کے مطابق ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح آٹھ فیصد سے بڑھ گئی ہے۔ شفقت محمود نے بتایا کہ اجلاس میں ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ڈیٹا سے معلوم ہوا کہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں وبا کا پھیلاؤ دیگر علاقوں کے مقابلے میں کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فیصلہ جو گذشتہ اجلاس میں کیا گیا تھا کہ پندرہ سے اٹھائیس مارچ تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے اسی کے تحت گیارہ اپریل تک ان اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ان اضلاع اور شہروں کا فیصلہ متعلقہ صوبوں کی حکومتیں اور مقامی انتظامیہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔ نویں تا بارہویں کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے۔ صوبہ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے اعلان کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا اور شیخوپورہ میں تمام سرکاری اور نجی سکول گیارہ اپریل تک بند رہیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دیگر اضلاع میں تعلیمی ادارے پرانے شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں تین ہزار 301 نئے کورونا کیسز رپورٹ کیے گئے جب کہ اس دوران 30 افراد عالمی وبا سے فوت ہوئے۔ ملک میں اس وقت ایکٹیو کورونا کیسز کی تعداد 36 ہزار 849 ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پہلے ہی آٹھ فیصد سے زائد کورونا مثبت آنے کی شرح والے شہروں میں سخت پابندیوں کا اعلان کیا ہے جن کا اطلاق گیارہ اپریل تک ہوگا۔ 22 مارچ کو این سی او سی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اجلاس میں ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر میں شدت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button