غیر منتخب افراد کی کابینہ میں شمولیت پرحکومتی اراکین بھی بول اٹھے

وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے مستعفی رکنِ قومی اسمبلی نجیب ہارون سے ملاقات کی اور ان کے تحفظات سنے۔وزیراعظم عمران خان نےمستعفی ہونے والے رکن قومی اسمبلی اور کراچی سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما نجیب ہارون کو ملاقات کے لیے بلایا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے ک نجیب ہارون نے وزیراعظم کو کراچی سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور کہا کہ کراچی کو اپنا حق ملنا چاہیے، کراچی میں وفاق کی جانب سے ترقیاتی پیکج پر عملدرآمد نہیں ہوسکا، کے فور سمیت متعدد منصوبے التواء کا شکار ہیں۔نجیب ہارون نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ ان منصوبوں کا نوٹس لیں۔ تحریک انصاف کے ناراض بانی رکن کا یہ بھی کہنا تھا کہ کابینہ میں غیر منتخب افراد کی شمولیت نہیں ہونی چاہیے، کابینہ میں موجود کراچی کے ایم این ایز ہماری نمائندگی نہیں کرتے، دیگر ایم این ایز میں سے کسی ایک کو کابینہ میں نمائندگی دی جائے۔ذرائع کے مطابق نجیب ہارون نے وزیراعظم سے کہا کہ مطالبات تسلیم ہونے تک استعفے کے فیصلے پر قائم ہوں اور پارلیمنٹ کے کسی سیشن میں شرکت نہیں کروں گا۔
نجیب ہارون نے یہ بھی کہا کہ پیراشوٹرز کا راستہ روک کر حقیقی کارکن کو اس کا حق ملنا چاہیے، تحریک انصاف کے انصاف کی راہ پر گامزن رہنے میں ہم سب کی بھلائی ہے، عوام کی نظریں ہم پر ہیں ہمیں کچھ کرکے دکھانا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نجیب ہارون کے مطالبات پر غور کی یقین دہانی کرادی اور کہا کہ آپ کے مطالبات درست ہیں، جائزہ لے کر مطالبات پورے کریں گے ۔
خیال رہے کہ نجیب ہارون تحریک انصاف کے بانی اراکین میں شامل ہیں اور وہ کراچی سےقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 سے منتخب ہوئے تھے مگر انہوں نے 18اپریل کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی اور عمران خان کو ارسال کر دیا تھا۔انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا کہ 20 ماہ سے ایم این اے ہونےکے باوجود نہ اپنے حلقے کے لیے کچھ نہ کر سکا اور نہ ہی شہر کراچی کے لیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نجیب ہارون کی کل صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button