ملائیشیا کے ساتھ دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیں گے: وزیرِ اعظم شہباز شریف

اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم نےمشترکہ نیوز کانفرنس کی۔اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، تعلقات کو فروغ دینے میں ملائیشیا کے وزیر اعظم کی قابلِ قدر خدمات ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ ملائیشیا کے ساتھ دفاع اور سیکیورٹی کےشعبے میں تعاون کو فروغ دیں گے۔


ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نےکہا ہے کہ پاکستان سے ایک لاکھ ٹن چاول درآمد کریں گے، آئندہ ماہ کراچی میں ملائیشیااپنا تجارتی دفتر بھی کھولے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا بااعتماد برادر ملک ہے،میرا یہ دورہ بڑا معنی خیز ہے،قائد اعظم محمد علی جناح بصیرت افروز اور دور اندیش رہنماتھے،میں نےکئی بار ان کے فرمودات کا اپنی تقاریر میں حوالہ دیاہے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کاکہنا تھاکہ ہمارا وسیع تبادلہ خیال نہ صرف دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے ہوا ہے بلکہ بااعتماد دوست ملک کے حوالےسے ہوا ہے، ہم نے متعدد مسائل پر اتفاق کیاہے۔انہوں نےکہا کہ ہم اگلے مہینے کوالالمپور میں ملاقات کریں گے،ہمیں امید ہے کہ جن باتوں پر ہمارےدرمیان اتفاق ہوا ہے، اس پر عملدرآمد کو ممکن بنائیں گے۔

داتو سری انور ابراہیم کاکہنا تھاکہ حلال گوشت کی درآمد کےحوالے سے پاکستان ہماری ترجیح ہے،ہم پاکستان سےدرآمدات کےحوالے سے چیزوں کو تیز کر رہے ہیں، ہم پاکستان سے ایک لاکھ ٹن چاول درآمد کریں گے۔انہوں نےکہا کہ آئندہ ماہ کراچی میں ملائیشیا اپنا تجارتی دفتر بھی کھولے گا، مزید کہا کہ ملاقات میں ہنرمند افرادی قوت کے حوالےسے بھی امور زیرغور آئے، ملائیشیا میں ہم آئی ٹی،ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت پر توجہ دےرہے ہیں۔

ملائیشین وزیر اعظم نے کہاکہ ہم نے اسپیشل اکنامک زون کےحوالے سےبھی بات کی ہے، اسی طرح ملٹری اور دفاع کےساز و سامان کی خریداری کےمعاملے پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہے۔ان کا کہناتھا کہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کی حمایت کرتےہیں،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش ہے،افغانستان کی صورت حال پربھی بات چیت ہوئی ہے،افغان حکومت اپنےہمسایہ ممالک کےساتھ امن کو فروغ دے، ان کامزید کہنا تھاکہ افغان حکومت انسانی حقوق اور خواتین کی تعلیم سےمتعلق عالمی برادری کےخدشات دور کرے۔

ملائیشین وزیر اعظم نے کہاکہ اقوام متحدہ میں آپ نےغزہ میں اسرائیلی مظالم، انسانی حقوق اور انصاف کی فراہمی کے لیے بھرپور آواز بلند کی، ہم اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتےہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ ملائیشیا کےاعلیٰ سطح کےوفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتےہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کےساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانےپر غور ہوا۔

شہباز شریف نےکہاکہ ملائیشین ہم منصب کے ساتھ ملاقات سیر حاصل اور بامعنی رہی، ملائیشیا کے ساتھ مل کر دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھائیں گے۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ ہم طےکردہ معیار پر پورا اتریں گے، مزید کہنا تھا کہ باہمی تعلقات کے فروغ کےلیے ملائیشین ہم منصب کی خدمات قابل قدر ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کےعوام نےاپنے حقوق کی خاطر بڑی قربانیاں دی ہیں، مزید کہاکہ انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیری عوام جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ملائیشیاکے وزیرِ اعظم پاکستان پہنچ گئے، شہبازشریف نے استقبال کیا

Back to top button