نوازشریف کے اداروں کیخلاف مؤقف کی تائید نہیں کروں گا

نون لیگ کے معطل ایم پی اے جلیل شرق پوری نے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف نوازشریف کے مؤقف کی تائید نہیں کروں گا۔نوازشریف سے کہوں گا جذبات میں آکر قومی اداروں کو نشانہ نہ بنائیں
گزشتہ روز نون لیگ سے معطل کئے جانے والے پنجاب اسمبلی کے رکن جلیل شرقپوری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مجھے کسی نے معطل نہیں کیا نہ ہی شوکاز ملا، میری پارٹی ہے کوئی غلطی ہوئی تو معذرت کروں گا، نوازشریف ، حمزہ شہباز اور مریم نواز کے ساتھ جو ہورہا ہے وہ زیادتی ہے ، میاں صاحب نے جذبات میں آکر اداروں کو نشانہ بنایا. ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا میاں صاحب سے یا پارٹی میں کسی سے کوئی اختلاف نہیں ہے ، ہم ان کے ساتھ ہیں ، لیکن میاں صاحب کے بیان سے دل دکھا ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں ، ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف سے ذاتی لڑائی نہیں ہے ، ان کی عزت کرتے ہیں، تاہم رانا ثنا اللہ سینئر ہیں انہوں میری بات پر ردعمل نہیں دینا چاہیے تھا ۔
معطل رکن پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم جھوٹ سے اجتناب کرتے ہیں، قائد سے ایسی کمزور بات نہیں ہونی چاہیے تھی ان کی بات سے دل دکھا، اداروں کے خلاف نوازشریف کے موقف کی تائید نہیں کروں گا۔جلیل شرقپوری نے کہا کہ شہبازشریف کا کسی بھی ادارے کے خلاف بات کرنے کا رجحان نہیں، اے پی سی میں نواز شریف کی فوج مخالف تقریر قومی مفاد کےخلاف ہے، انہوں نے جذبات میں آکر ایسی باتیں کیں، ان سے کہوں گا جذبات میں آکر قومی اداروں کو نشانہ نہ بنائیں، ان جیسی شخصیت سے ایسی بات نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے پارٹی قائد نواز شریف کی اے پی سی میں کی گئی تقریر پر تنقید کرنے کی پاداش میں رکن صوبائی اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری کی رکنیت معطل کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کیا ہے۔