نواز شریف کے کیس قانون کے مطابق دیکھے جائیں گے

وزارت عظمی کیلئے متحدہ اپوزیشن کے امید وار شہباز شریف نےکہا ہے کہ نواز شریف کے کیسز قانون کے مطابق دیکھے جائیں گے۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو دوران انکا کہنا تھا نئی کابینہ کی تشکیل اپوزیشن رہنماؤں کی مشاورت کے ساتھ ہوگی، کوشش ہوگی کہ ملکی معیشت بہتر کرکے عوام کو ریلیف دے سکیں، ملک میں نئے دور کا آغاز کریں گے، باہمی احترام کو فروغ دیں گے۔
انہوں نے کہا بھارت کے ساتھ امن کے خواہاں ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر امن ممکن نہیں، قومی ہم آہنگی میری پہلی ترجیح ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا میاں نواز شریف کے کیسز قانون کے مطابق دیکھے جائیں گے۔
دریں اثنا ایک ٹویٹ میں انکا کہنا تھااللہ تعالیٰ نے رمضان کے مبارک ماہ میں اس قوم پر اپنی خصوصی رحمتیں نازل فرمائیں، الحمدللہ، وطن عزیز اور پارلیمنٹ کا ایوان آخر شب ایک سنگین بحران سے آزاد ہوا، پاکستانی قوم کو ایک نئی سحر اور سحری مباک ہو، اللہ تعالی، پاکستان اور آپ سب کا حامی و ناصر ہو، آمین۔
یاد رہے کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی، جس کے بعد عمران خان اب وزیراعظم نہیں رہے۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ اللہ نے قوم کی دعائیں قبول کرلی، متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے انتہائی ہمت کا مظاہرہ کیا جس کی تاریخ میں کم مثال ملتی ہے، کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنائیں گے لیکن قانون اپنا راستہ لے گا۔

Back to top button