نور بخاری نے ماہرہ کو اللہ سے رجوع کا مشورہ کیوں دیا؟

معروف اداکارہ نور بخاری نے ماہرہ خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ذہنی دبائو سے نجات کیلئے راستہ تبدیل کرتے ہوئے اللہ سے رجوع کریں، ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا تھا کہ وہ اکثر ذہنی دبائو کا شکار ہو جاتی ہیں۔نور بخاری کا مزید کہنا تھا کہ جب آپ ذہنی طور پر پریشان ہوں اور بے چینی کا شکار ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کی روح کو اللہ تعالیٰ سے جڑنے کی ضرورت ہے، یہی وقت ہے اس پکار کو سننے اور اپنا راستہ بدلنے کا، اللہ آپ کی تکلیف کم کرے، ماہرہ خان نے اپنے ایک انٹرویو میں ڈپریشن اور ذہنی دباؤ کا شکار رہنے سے متعلق بات کی تھی۔سوشل میڈیا صارفین نے نور بخاری کی پوسٹ پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا، کچھ صارفین نے تنقید کرتے ہوئے ڈپریشن کو بیماری اور اس کے علاج کی اہمیت اُجاگر کی جبکہ دیگر صارفین نے نور بخاری کے مشورے کو سراہا۔اپنے گزشتہ انٹرویو میں ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ وہ اس موضوع پر اس لیے بات نہیں کر رہیں کہ خبریں بنیں اور ہنگامہ کھڑا ہو جائے بلکہ وہ اس لیے اس موضوع پر بات کرنا چاہیں گی تاکہ لوگوں کو معلوم ہو سکے کہ حالات بہتر ہو سکتے ہیں، مدد لی جا سکتی ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ دوسرے جو بھی اس ذہنی حالت سے گزر رہے ہیں انہیں معلوم ہوکہ علاج موجود ہے۔انہوں نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ اُن کی فلم ’رئیس‘ کے ریلیز ہونے اور بھارتی اداکار رنبیر کپور کیساتھ اُن کی سیگریٹ پیتے تصویر وائرل ہونے کے بعد سے اُنہیں سرحد کے دونوں جانب سے ٹرول کرنے کے علاوہ دھمکیاں بھی دی گئی تھیں اور سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔اداکارہ نے پوڈ کاسٹ کے دوران مزید بتایا کہ ڈپریشن اتنا شدید تھا کہ وہ متعدد ماہر نفسیات کے پاس گئیں مگر اِن کی ذہنی حالت میں کسی بھی طور بہتری نہیں آ رہی تھی، اُن کے آس پاس محبت کرنے والے لوگ موجود تھے مگر وہ سب باہر کی دنیا تھی، اندرونی طور پر اُنہیں سکون نہیں مل پا رہا تھا اور اُن میں بے چینی بے حد تھی۔
