نیب کا شاہد خاقان کیخلاف عبوری ایل این جی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

نیب نے ایل این جی کیس کا عبوری ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیاہے، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ آئندہ سماعت تک ضمنی ریفرنس دائر کر دیں گے. سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چھ ماہ گزر گئے، نیب الزامات ثابت کرنے میں مکمل ناکام رہا. نیب نے ملک کومفلوج اور معیشت تباہ کردی ہے۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی ریفرنس پر سماعت ہوئی، نیب کے تفتیشی افسر وقت پر عدالت نہ پہنچ سکے جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ عدالت میں ابھی تک ضمنی ریفرنس دائر نہیں کیا گیا، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریفرنس کی تیاری حتمی مراحل میں ہے اگلی سماعت تک دائر کردیں گے،تفتیشی افسر راستے میں ہی ہے تھوڑی دیر میں رپورٹ پیش کر دیں گے۔ عدالت نے مزید سماعت یکم اپریل تک ملتوی کردی۔
سماعت ملتوی ہونے کے بعد تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے اور مفرور ملزم سابق ایم ڈی پی ایس او شاہد مظفر الاسلام سے متعلق رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کی، جس میں لکھا گیا کہ ملزم کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کی دوبارہ کوشش کی لیکن کسی پتے پر ملزم موجود نہیں تھا، عدالت شاہد اسلام کو اشتہاری قرار دے۔
سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چھ ماہ گزر گئے، نیب الزامات ثابت نہیں کر سکا۔ نئے ترمیمی آرڈیننس کے بعد اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ختم ہوچکا۔ صرف پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف جلد لندن سے پاکستان واپس آئیں گے، برطانیہ کو لکھے گئے خط کا کوئی سفارتی جواز نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر نے مزید کہا کہ نیب نے ملک کومفلوج اور معیشت تباہ کردی ہے۔ نیب سیاسی انتقام کیلئے استعمال ہورہا ہے۔ میرے دوستوں اور رشتہ داروں پر نیب کی جانب سے دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ ان کے اثاثے دراصل میرے ہیں انھوں نے مزید کہا کہ یہ نیب کے پرانے تماشے ہیں، بس ایک ہی طریقہ ہے کہ لوگوں کو بدنام کیا جائے. نوازشریف کی واپسی کے لئے حکومتی خط کے سوال پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے برطانیہ کو لکھے گئے خط کا کوئی سفارتی جواز نہیں ہے، حکومت کو اس سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی اس سے بڑی کامیابی اور کیا ہوگی کہ حکومت، بلاول بھٹو زرداری اور میڈیا سب (ن) لیگ کی بات کرتے ہیں۔ شہباز شریف جلد واپس آئیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button