وزیراعظم کی ترقی پذیر ممالک کیلئے قرضوں میں ریلیف کی حمایت

وزیراعظم عمران خان نے مائیکروسافٹ بانی بل گیٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے ایک فعال اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کےلیے قرضوں میں ریلیف اور عالمی مراعات کا مطالبہ کیا ہے تا کہ وہ کورونا وائرس سے بہتر طریقے سے لڑ سکیں۔ بل اینڈ میلنڈا فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے انہیں آگاہ کیا کہ کس طرح ان کی حکومت بیک وقت 2 محاذوں پر لڑ رہی ہے جس میں ایک لورونا وائرس پر قابو پانا دوسرا لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کو بھوک سے بچانا ہے۔
گفتگو کے حوالے سے جاری کردہ باضابطہ پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے کووڈ 19 کے خلاف ردِ عمل میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بلز اینڈ میلنڈا فاؤنڈیشن اور دیگر عالمی شراکت داروں کی جانب سے اس ناقابل مثال بحران کے دوران فراہم کردہ حمایت کو سراہا اور صورت حال کی مسلسل فوری ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کووڈ 19 کے مسئلے سے نمٹنے کےلیے بھرپور اور مربوط اقدامات کر رہا ہے، پاکستان کو کورونا وائرس پر قابو پانے اور بالخصوص آبادی کے غریب ترین طبقات کو لاک ڈاﺅن اور بھوک کی وجہ سے ان کی زندگیاں بچانے کے دوہرے چیلنج کا سامنا ہے۔ بل گیٹس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے متاثرہ افراد اور کاروبار کی امداد کےلیے 8 ارب ڈالر کا پیکج دیا ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے میں مدد ملی ہے اور دنیا پر زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک کےلیے قرضوں میں ریلیف پیکج کا اعلان کریں تا کہ وہ بہتر طور پر اس مہلک وائرس سے لڑ سکیں۔
اس موقع پر بل گیٹس کا کہنا تھا کہ کووِڈ 19 سے دنیا کو خطرہ ہے اور انہوں نے کمزور افراد کی زندگیوں کو گزر بسر کو تحفظ دینے کےلیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
