سکیورٹی فورسز کودہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر خراج تحسین

وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے مانگی ڈیم اورملحقہ علاقوں میں جاری کامیاب آپریشن میں متعدد دہشت گردوں کی ہلاکت پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کیاہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا یقین ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردو ں اور ان کے ٹھکانوں کا جلد مکمل خاتمہ اور دیرپا امن قائم ہوگا۔

انکا کہنا تھا ملکی استحکام اور امن کو چیلنج کرنے والوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا، بلوچستان کے عوام اپنی افواج کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے حوالدار محمد خان کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔

ان کا کہنا تھا شہید نے مادر وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا،اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائےاور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

دوسری جانب کرنل لئیق مرزا کی میت ملتان روانہ کردی گئی ہےجبکہ ان کے کزن عمر کا تاحال کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔
یاد رہے کہ13 جولائی کو بلوچستان کے شہرزیارت سے اغوا ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل لئیق کے اغوا کا ڈراپ سین ان کے بہیمانہ قتل پر ہوا، جسے بلوچ عسکریت پسندوں کی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ نامعلوم افراد نے جمعرات کو زیارت سے دو افراد کو اغوا کر لیا تھا۔بلوچستان حکومت نے ابتدا میں اسے دو سیاحوں کے اغوا کا واقعہ قرار دیا تھا لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ اغوا ہونے والوں میں ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی کوئٹہ کے ایک سینئر افسر بھی شامل تھے جن کے قتل کی تصدیق محکمہ داخلہ بلوچستان نے کی،کرنل لیئق مرزا ڈی ایچ اے کوئٹہ میں بطور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔

Back to top button