ون وے کی خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے کا چالان ہوگا

ہائی کورٹ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت فیصلہ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ شہر میں ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر 2 ہزار روپے کا چالان کیا جائے گا۔

جسٹس شاہد کریم نے آلودگی سے متعلق ہارون فاروق اور شیراز زکا وغیرہ کی درخواستوں پر بھی سماعت کی جس کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج سموگ بہت زیادہ ہے لیکن وزیر ماحولیات تسلیم کرنے کو تیار ہی نہیں ہیں۔

سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے لاہور ہائیکورٹ کو بتایا کہ گلاب دیوی انڈر پاس کے باعث والٹن روڈ پر ٹریفک بڑھی اور گڑھے بن گئے ہیں جس کی وجہ سے اکثر ٹریفک بلاک ہی رہتی ہے ، سی ٹی او نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے مختلف محکموں کو 93 خطوط لکھے ہیں لیکن کوئی کارروائی عمل میں نہیں‌ لائی گئی۔

سی ٹی او نے ٹو سٹروک گاڑیوں پر پابندی کا بھی عندیہ دے دیا ، انہوں نے اسموگ کو ڈینگی اور کووِڈ سے بڑا معاملہ قرار دے دیا ۔ایک سال کے دوران لاہور میں سات بڑے جلسوں سمیت 2 ہزار 43 مظاہرے اور مختلف واقعات ہوئے جو ٹریفک جام کا سبب بنے۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ مجھے خطرہ ہے کہ آپ اچھے کام کر رہے ہیں کہیں آپ کا تبادلہ نہ ہو جائے ، سی ٹی او کا تبادلہ نہ کیا جائے تاکہ چیزیں بہتر ہو جائیِں۔ساتھ ہی عدالت نے ون وے کی خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے کا چالان کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

Back to top button