کپتان کا ایک اور یوٹرن، شہزاد ارباب وفاقی کابینہ میں دوبارہ شامل

وزیر اعظم عمران خان اپنی روایت کے مطابق یوٹرن لینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں. تازہ اطلاعات کے مطابق کپتان نے چینی بحران رپورٹ کے بعد کابینہ سے نکالے گئے وزراء اور مشیران کو دوبارہ عہدےسے نوازنا شروع کردیا ہے۔ چینی بحران بارے تحقیقاتی رپورٹ کے بعد وفاقی کابینہ سے ہٹائے گئے شہزاد ارباب کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اسٹیبشلمنٹ تعینات کردیا ہے، کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے.
شہزاد ارباب کو چینی بحران رپورٹ کے بعد کابینہ سے نکال دیا گیا تھا، تاہم اب ان کو معاون خصوصی برائے اسٹیبشلمنٹ تعینات کردیا ہے۔ وزیراعظم نے چینی بحران کی رپورٹ کے بعد بعض وزراء کو وزارتوں اور عہدوں سے ہٹا دیا تھا، ان میں شہزاد ارباب بھی شامل تھے لیکن 1اپریل کو وزیر اعظم نے شہزاد ارباب کو دوبارہ مشیر اسٹیبلشمنٹ کے عہدے پر تعینات کردیا ہے۔ ان کا یہ عہدہ وزیر کے برابر تصور کیا جائے گا۔کابینہ ڈویژن نے شہزاد ارباب کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
اسی طرح گزشتہ روز وزیراعظم نے شہریار آفریدی کو بھی دوبارہ وزیر مملکت کے عہدے پر تعینات کردیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے شہریار آفریدی کو نارکوٹکس کنٹرول کا اضافی قلمدان دوبارہ سونپ دیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے آٹے اور چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد 6 اپریل کو وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کی تھی۔ جس کے تحت وزیراعظم نے بابراعوان پارلیمانی امورکا مشیر اور سید فخرامام کو وزیرنیشنل فوڈ سیکیورٹی لگا دیا تھا۔ مخدوم خسروبختیارکو وزیراقتصادی امور مقرر کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نے شہریار آفریدی سے نارکوٹکس کنٹرول کا اضافی قلمدان واپس لیا تھا۔اعظم سواتی کو نارکوٹکس کنٹرول اور حماد اظہرکو وزیر صنعت لگا دیا تھا۔ایم کیوایم کے امین الحق کو وزیربرائے ٹیلی کام مقرر کردیا جبکہ خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ منظور کرلیا تھا۔ ہاشم پوپلزئی کو سیکریٹری نیشنل فوڈ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ شہزاد ارباب اور شہریار آفریدی سے عہدے واپس لے لیے تھے تاہم اب ایک بار پھر کپتان نے دوبارہ عہدوں کی بندر بانٹ شروع کر دی ہے.
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کا حجم بڑھ گیا اور ارکان کی کل تعداد 48 تک پہنچ گئی۔کابینہ میں شامل وفاقی وزراء کی تعداد 25 ہوگئی ہے جبکہ 4 وزیرِ مملکت اور مشیروں کی تعداد 5 ہے۔شہزاد ارباب کی شمولیت کے بعد وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی تعداد 14 ہوگئی جبکہ وفاقی کابینہ میں شامل 19 ارکان غیرمنتخب ہیں جن میں وزیراعظم کے 5 مشیر اور 14 معاون خصوصی شامل ہیں۔2 معاونین خصوصی ثانیہ نشتر اور ارباب شہزاد کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہے جبکہ ارباب شہزاد کو آج معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ تعینات کیا گیا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button