ٹرمپ سے ”ڈمی “پیوٹن نے ملاقات کی،بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سےروسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے بجائے ہم شکل نے ملاقات کی،بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈاشروع کردیا۔
امریکی ریاست الاسکا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان جمعہ کو اہم ملاقات ہوئی۔الاسکا کے جوائنٹ بیس ایلمینڈورف-رچرڈسن میں یہ ملاقات تقریباً چار گھنٹے جاری رہی، جسے دونوں رہنماؤں نے تعمیری قرار دیا، تاہم یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے سیز فائر پر باضابطہ اتفاق نہ ہوسکا۔
ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ اور صدر پیوٹن نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔
ادھر بھارتی میڈیا نے اس ملاقات کو متنازع بنانے کی کوشش کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ سے ملنے والا شخص دراصل روسی صدر پیوٹن نہیں بلکہ ان کا ہم شکل تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ اصل پیوٹن چلتے وقت دایاں ہاتھ نہیں ہلاتے جبکہ ملاقات کے دوران موجود پیوٹن اپنا دایاں ہاتھ حرکت دیتے نظر آئے۔ اسی طرح بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اصل پیوٹن کم مسکراتے ہیں، مگر ٹرمپ کے ساتھ موجود شخصیت بارہا ہنستی اور مسکراتی رہی۔
مزید یہ کہ بھارتی میڈیا نے ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے پیوٹن اور اصل پیوٹن کے چہرے کے خدوخال اور بالوں کے انداز میں فرق کا دعویٰ بھی کیا۔
بھارتی میڈیا کا مؤقف ہے کہ چونکہ ملاقات میں شریک شخصیت اصل روسی صدر نہیں تھی، اسی لیے یہ ملاقات کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔
