ٹڈی دل کے حملوں سے بچاؤ کےلیے چین سے مدد طلب

ٹڈی دل کے حملوں سے نمٹنے کےلیے چین اپنے ماہرین کی ایک ٹیم پاکستان بھیجے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ اور تحقیق مخدوم خسرو بختیار نے چینی سفیر یاؤ جنگ سے ملاقات کی اور فضائی تعاون سمیت ٹڈی دل کی افزائش روکنے کےلیے کیڑے مار دوا کی ضرورت پر زور دیا۔ چینی سفیر نے کیڑے مار دوا کی ترسیل اور اسپرے کے آلات پاکستان کو ہنگامی بنیادوں پر دینے پر غور کرنے اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزارت کے سینئر حکام کا کہنا ہے کہ چینی تکنیکی ماہرین کا وفد اسلام پہنچے گا تاکہ ٹڈی دل کی صورت حال کا جائزہ لیا جاسکے، وزارت کے حکام اور پاکستانی ماہرین سے گفتگو کے علاوہ چینی ٹیم ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کرے گا۔
ملاقات کے دوران خسرو بختیار نے پڑوسی ممالک کی جانب سے ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کےلیے اٹھائے گئے اقدامات کی اہمیت کو بھی واضح کیا۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین پاکستان سے زراعتی مصنوعات کی درآمد کو بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ ٹڈی دل نے گزشتہ سال حملہ کرکے کپاس کی فصل کو بری طرح متاثر کیا اور اب وہ گندم کی فصل کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔
گزشتہ گرمیوں کے موسم میں آنے والے ٹڈی دل نومبر 2019 تک خطرناک حد تک شدت اختیار کردیا تھا جب فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) نے انتباہ جاری کیا تھا کہ ٹڈی دل چولستان سے تھرپارکر تک اپنی افزائش کے مقام کو چھوڑ چکی ہے۔ وفاقی حکومت نے رواں ماہ ایمرجنسی نافذ کی تھی تاہم بہتر رد عمل کےلیے اب بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button