پاکستانی پہلوان محمد افضل شیر کرونا وائرس کے سبب جاں بحق

پاکستان کے معروف پہلوان اور اور سابق اولمپیئن استاد حاجی محمد افضل شیر کورونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے۔
نامور پہلوان حاجی محمد افضل 85 سال کی عمر میں نیویارک میں کورونا وائرس کے باعث وفات پا گئے۔حاجی محمد افضل 7اپریل 1935 کو پیدا ہوئے تھے اور 1960 میں صدر پاکستان ایوب خان نے انہیں شیر پاکستان کے لقب سے نوازا تھا۔انہوں نے 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کی تھی لیکن سیمی فائنل میں انجری کے سبب ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔حاجی محمد افضل نے 1964 اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی.
ایک ماہ طبیعت خراب ہونے پر انہیں امریکا منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ آج کورونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے۔انہوں نے سوگواروں میں چار بیٹے چھوڑے ہیں جن میں سے تین امریکا اور ایک پاکستان میں رہائش پذیر ہے۔
اولمپیئن محمد افضل نے کئی نامور پہلوانوں کو گر سکھائے اور ان کے معروف شاگردوں میں بشیر بھولابھالا، طیب رضا اعوان ٹائیگر پہلوان، عثمان مجید بلو پہلوان مرحوم شامل ہیں۔حاجی محمد افضل نے بلال اعوان پہلوان، حافظ اسرار پہلوان اور یاسر عباس پہلوان کو بھی پہلوانی کے گر سکھائے۔
واضح رہے کہ محمد افضل کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کرنے والے پاکستان کے تیسرے کھلاڑی ہیں۔گزشتہ ماہ اسکواش کے عظیم کھلاڑی اعظم خان کورونا وائرس کے سبب لندن میں انتقال کر گئے تھے۔رواں ماہ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور قومی ٹیم کے سابق کرکٹرز اختر سرفراز کے بھائی ظفر سرفراز کورونا وائرس کے سبب جاں بحق ہو گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button