عدنان صدیقی کے ٹی وی شو پر ’بگ باس‘ کی کاپی کا الزام

معروف اداکار عدنان صدیقی کی میزبانی میں شروع ہونے والے نئے ریئلٹی گیم شو ’تماشا گھر‘ کو شائقین نے بھارتی ٹی وی شو ’بگ باس‘ کی سستی کاپی قرار دے دیا ہے۔ یاد رہے کہ عدنان صدیقی کا شو ’اے آر وائے‘ پر نشر کیا جا رہا ہے، جس میں مائرہ خان، آمنا ملک، عمر عالم، حمیرا اصغر، مریحہ صفدر، سعیدہ امتیاز، صائم علی، عادی عدیل امجد، نعمان جاوید، رؤف لالا، نگاہ جی، فائزہ خان اور سحر بیگ مہمانوں کے طور پر شریک ہیں۔ ’تماشا گھر‘ کی تھیم اگرچہ بلکل ’بگ باس‘ جیسی نہیں رکھی گئی، تاہم اس کی تھیم اور اس کے سیگمنٹس بھارتی شو سے ملتے جلتے ہیں، یہاں تک کہ اس میں شامل مہمانون کا لباس بھی سلمان خان کے شو جیسا ہی رکھا گیا ہے۔نریئلٹی شو کے شرکا کو مختلف گیمز کھیلتے ہوئے بولڈ جملے اور ایک دوسرے سے مذاق کرتے ہوئے دکھایا جا رہا ہے جب کہ ان کے لباس بھی بھارتی شوز کی طرح بولڈ رکھے گئے ہیں۔
لیکن اے آر وائے پر ’تماشا گھر‘ کو نشر کیے جانے کے فوری بعد کئی صارفین نے سوشل میڈیا پر شو کے حوالے سے پوسٹس کرتے ہوئے اس پر ’بگ باس‘ کی کاپی کا الزام لگا دیا۔ زیادہ تر لوگوں نے عدنان صدیقی کے شو کو ’بگ باس‘ کی سستی کاپی قرار دیا، تاہم بعض افراد نے ’تماشا گھر‘ پر تنقید کرنے کے بجائے اس کی تھیم اور سیگمنٹس پر بات کی،بعض صارفین نے ’تماشا گھر‘ میں دکھائے گئے مناظر پر بھی اپنی رائے دی اور پاکستانی شو کو غیر ملکی شوز کا چربہ قرار دیا۔

یاد رہے کہ نامور پاکستانی اداکار عدنان صدیقی ایک ایسے آرٹسٹ ہیں، جنہوں نے پاکستان کے ساتھ ساتھ بالی وڈ اور ہالی وڈ میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور داد سمیٹی۔ ڈرامہ سیریل ’عروسہ‘ سے اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والے عدنان صدیقی نے پاکستان میں ’دم مستم‘ کے نام سے بطور پروڈیوسر ایک فلم بھی بنائی ہے۔ حال ہی میں عدنان نے اپنے ایک پوسٹ کے ذریعے زندگی کا فلسفہ بھی سمجھایا ہے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر زندگی گزارنے کے حوالے سے ایک پوسٹ جاری کی تھی جسے مداحوں کی جانب سے کافی پسند بھی کیا گیا ہے۔ اس پوسٹ کے مطابق عدنان صدیقی کا کہنا ہے کہ انسان اتنا ہی جوان ہوتا ہے جتنا اس کا دماغ جوان رہتا ہے اور دماغ کو جوان رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ نئی چیزیں سیکھی جائیں۔عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ جوانی نام کی کوئی چیز نہیں ہوتی ہے یہ سب انسان کے ذہن میں ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ عدنان صدیقی پاکستان کے ان چند اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ہالی وڈ اور بالی وڈ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔انہوں نے 2007 میں انجلینا جولی اور عرفان صدیقی کے ساتھ فلم ’اے مائٹی ہارٹ‘ میں کام کیا۔بعدازاں عدنان صدیقی نے 2013 میں بولی وڈ فلم ’مام’ میں بھی کام کیا جس کی کاسٹ میں پاکستانی اداکارہ سجل علی اور بھارت کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی شامل تھیں۔

Back to top button