پشاور زلمی کا لاہور قلندرز کو 133 رنز کا مشکل ہدف

پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے اہم میچ میں لاہور قلندرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بارش سے متاثرہ میچ میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بارش کے باعث تاخیر کا شکار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان ایونٹ کا 11واں میچ بارش اور خراب آؤٹ فیلڈ کے سبب تاخیر کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں میچ کو 12 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور بینٹن نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی اور سلمان ارشاد کے ابتدائی 3 اوورز میں 32 رنز بنالیے۔شاہین شاہ آفریدی نے کامران اکمل کی وکٹ لی لیکن اس وقت تک ان کے خلاف محض دو اوورز میں 25 رنز بنائے جاچکے تھے، کامران اکمل نے 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پشاور زلمی نے پانچویں اوور میں ہی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی جس کے لیے نئے بلے باز حیدرعلی نے بینٹن کا بھرپور ساتھ دیا اور دوسری وکٹ ڈیوڈ ویزے نے 69 رنز پر حاصل کی جب بینٹن 34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
لیونگسٹن 90 کے اسکور پر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور فوری بعد حیدر علی بھی آؤٹ ہوئے جنہوں نے برق رفتار 34 رنز بنائے۔وکٹوں کے گرنے کے باوجود رن ریٹ میں فرق نہیں پڑا اور نئے آنے والے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا تاہم محمد محسن صفر اور گریگوری 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کپتان ڈیرن سیمی نے بھی ایک چھکے کی مدد سے 9 گیندوں پر 12 رنز بنائے اور آخری گیند پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر دلبر حسین کا کیچ بنے۔
پشاور زلمی نے بارش کے باعث مختصر کیے گئے میچ کے مقررہ 12 اوورز میں 7 وکٹوں پر 132 رنز بنائے۔وہاب ریاض نے آؤٹ ہوئے بغیر 10 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 13 رنز بنائے۔لاہور قلندرز کی جانب سے دلبر حسین نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کی اور 3 اوور کے کوٹے میں 24 رنز دیے، ڈیوڈ ویزے نے 2 اور شاہین شاہ آفریدی نے 27 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے تبدیلیاں کی ہیں، لاہور قلندر انجری کے باعث حارث روؤف سے محروم ہوچکی ہے جو آئندہ چند میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
پشاورزلمی نے بھی اپنی ٹیم میں تبدیلی کی ہے اور سینئر کھلاڑی شعیب ملک کو شامل نہیں کیا اور ان کی جگہ محمد محسن کو ٹیم کا حصہ بنایا جبکہ عامر خان کو بھی موقع دیا گیا ہے۔میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
پشاور زلمی: ڈیرن سیمی (کپتان)، کامران اکمل، ٹام بینٹن، محمد محسن، لیام لیونگسٹن، حیدرعلی، ڈیرن سیمی، لیوس گریگوری، وہاب ریاض، حسن علی، راحت علی، عامر خان
لاہور قلندرز: سہیل اختر (کپتان)، کرس لِن، فخر زمان، محمد حفیظ، ڈین ولاس، ڈیوڈ ویزے، سمیت پٹیل، شاہین آفریدی، دلبر حسین، معاذ خان، سلمان ارشاد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button