پشاور زلمی کا کراچی کنگز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
ڈیرن سیمی نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے اور ہم کراچی کنگز کو کم رن تک محدود کر کے ہدف کا تعاقب کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے غیرملکی کھلاڑیوں میں مجھے سمیت، ٹام بینٹن، لیام ڈاسن اور لیام لیونگسٹن شامل ہیں۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ یہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے اور ٹاس جیت کر میں بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتا۔عماد نے کہا کہ ہم اس وکٹ پر کم از کم 170رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
کراچی کنگز: عماد وسیم(کپتان)، چیڈوک والٹن، بابر اعظم، شرجیل خان، افتخار احمد، کیمرون ڈیلپورٹ، محمد رضوان، عمید آصف، محمد عامر، کرس جورڈن اور ارشد اقبال
پشاور زلمی: ڈیرن سیمی(کپتان)، ٹام بینٹن، لیام لیونگسٹن، کامران اکمل، حیدر علی، محمد محسن، شعیب ملک، ڈیرن سیمی، لیام ڈاسن، وہاب ریاض، حسن علی اور راحت علی۔
دن کا دوسرا میچ آج لاہور قلندرز اور ملتان سلطان کے درمیان کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کا رنگا رنگ آغاز شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا تھا جس کے بعد پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹیڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ میچ سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا، جہاں شائقین اپنی من پسند ٹیم کا جذبہ بڑھانے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کر رہے ہیں۔
کراچی کنگز کی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ ہونے کا فائدہ ہے تو وہیں ڈیرین سیمی کی قیادت میں موجود پشاور زلمی کی ٹیم ایک مرتبہ پھر ایونٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز اب تک پی ایس ایل کا کوئی ٹائٹل نہیں جیت سکی جبکہ پشاور زلمی پی ایس ایل 2 کی فاتح ہے۔
دوسری جانب آج کا دوسرا میچ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں قلندرز کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہوگا تاہم ملتان کی ٹیم بھی جیت کے لیے پرجوش ہے۔
دونوں ٹیموں کی بات کی جائے تو اب تک کے چاروں سیزنز میں لاہور قلندرز کی کارکردگی خاطر خواہ نہیں رہی اور وہ ایک بھی پلے آف مرحلے میں نہیں پہنچ سکی تھی۔
اسی طرح ملتان سلطانز کی ٹیم تیسرے سیشن سے پی ایس ایل کا حصہ بنی تاہم وہ بھی اب تک ٹائٹل اپنے نام کرنے میں ناکام رہی ہے۔
تاہم اس بار دونوں ٹیمیں نئے کپتان کے ساتھ ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر کررہے ہیں جبکہ ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود ہیں۔
